Thursday, April 25, 2024

پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقہ ٹیسٹ سیریز،شاہینوں کو دو دنوں میں 7وکٹوں پر228رنز درکار

پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقہ ٹیسٹ سیریز،شاہینوں کو دو دنوں میں 7وکٹوں پر228رنز درکار
January 13, 2019
جوہانسبرگ( 92 نیوز) پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقہ   ٹیسٹ سیریز کے تیسرے اور آخری میچ کے تین دن مکمل ہو گئے ، پاکستان کو فتح کیلئے  دو دنوں میں سات وکٹوں پر 228رنز درکار ہیں ۔ میچ کے تیسرے روز دوسری اننگز میں جنوبی افریقہ کی ٹیم 303رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ۔ پہلی اننگز میں 77رنز  کی برتری کی بدولت جنوبی افریقہ نے پاکستان کو میچ جیتنے کیلئے 380رنز کا ہدف دے دیا۔ ہدف کے تعاقب میں پاکستان  تیسرے روز کے اختتام پر تین وکٹوں کے نقصان پر 153 رنز بنا چکا ہے ، فتح کے لئے مزید 228رنز درکار ہیں جب کہ 7 وکٹیں باقی ہیں ۔  سیریز کی آخری اننگز میں بلے بازوں نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور دونوں اوپنرز کچھ حد تک اچھا آغاز فراہم کرنے میں کامیاب رہے ۔ اوپنر امام الحق 35 اور شان مسعود 37 رنز بنا کر آؤ ٹ ہوئے ، اظہر علی آج بھی امیدوں پر پورا نہ اترے اور 15رنز بنا کر چلتے بنے ۔ اسد شفیق 48اور بابر اعظم 17 رنز کیساتھ کریز پر موجود ہیں ۔ اس سے قبل دوسری اننگز میں جنوبی افریقہ کے اوپنر جم کر نہ کھیل سکے ، کپتان ایلگر 5 اور مارکرم 21 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے ۔ ہاشم آملہ نے بھرپور مزاحمت کی اور 71 رنز بنائے،ڈی برین 7 رنز بنا سکے جب کہ زبیر حمزہ بغیر کوئی اسکور کئے پویلین لوٹ گئے ۔ جنوبی افریقہ کی ڈوبتی ناؤ کو ڈی کوک نے شاندار سہارا فراہم کیااور 129 رنز بنا کر ٹیم کی پوزیشن مستحکم بنا دی ۔ فلینڈر 14،ربادا 21 رنز بنا سکے جب کہ اولیور نے ایک اسکور کیا۔ شاہینوں نے پہلی اننگز کھیلی تو’’تو چل میں آیا‘‘ کی روایت برقرار رکھی ۔ اوپنر شان مسعود  ساتویں گیند پر ہی فلینڈر کی گیند پر ڈی کوک کو کیچ تھما کر واپس لوٹ گئے ، اگلی ہی گیند پر اظہر علی بھی فلینڈر کی گیند پر ڈی کوک کو کیچ تھما بیٹھے ۔محمد عباس بھی 11رنز بنا کر ہمت ہار گئے جبکہ اسد شفیق  اولیور کی گیند پر بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے ۔ اوپنر امام الحق 43، بابر اعظم 49 ،کپتان سرفراز 50 رنز بناکر نمایاں رہے  ۔ شاداب خان نے 5 رنز بنائے جبکہ فہیم اشرف بغیر کوئی رن بنائے ہی پویلین لوٹ گئے ۔ پاکستانی ٹیم کی جانب سے آؤٹ ہونے والے آخری کھلاڑی محمد عامر تھے جنہوں نے ٹیم کےاسکور میں 10رنز کا اضافہ کیا ۔پاکستان کی تین کھلاڑی صفر پر آؤٹ ہوئے جب کہ6  کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہو سکے ۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے ڈائیون اولیور  نے 5 ،فلینڈر نے 3 اور ربادا نے 2 شاہینوں کا شکار کیا۔ اپنی پہلی اننگز میں جنوبی افریقہ نے 262 رنز بنائے تھے ، اوپنر ایڈن میکرم نے 90 ، ہاشم آملہ نے 41،ڈی برائن نے 49 اور زبیر حمزہ 41 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔ جنوبی افریقہ کے دو کھلاڑی صفر پر آؤٹ ہوئے جب کہ 6 کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہو سکے ۔ جنوبی  افریقہ نے دوسری اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنا لئے جس کے بعد  انہیں 212 رنز کی برتری حاصل ہو چکی ہے ۔ جنوبی افریقہ کے اوپنر ایلگر  5رنز بنا کر ہی پویلین لوٹ گئے جب کہ ساتھی اوپنر ایڈین میکرم بھی 21 رنز پر  سرفراز کو کیچ تھما بیٹھے ۔ ڈی برین اور زبیر حمزہ بھی زیادہ دیر تک ٹک نہ سکے ، برین 7 جبکہ زبیر بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے ۔ٹمبا بیوما نے 23 رنز بنائے اور شاداب خان کی گیند پر سرفراز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ۔ جنوبی افریقہ کو 3 میچز کی سیریز میں 0-2 سے حتمی برتری حاصل ہے ۔