Tuesday, May 14, 2024

تیسرا ٹی ٹونٹی ، پاکستان نے جنوبی افریقہ کو چار وکٹوں سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی

تیسرا ٹی ٹونٹی ، پاکستان نے جنوبی افریقہ کو چار وکٹوں سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی
February 14, 2021

لاہور (92 نیوز) پاک جنوبی افریقہ تیسرے ٹی ٹونٹی میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد چار وکٹوں سے شکست دے کر سیریز بھی اپنے نام کر لی۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی تو پاکستانی اسپنرز نے جنوبی افریقن بلے بازوں کو چکرا کر رکھ دیا۔ ڈیبیو کرنے والے زاہد محمود نے اپنے  پہلے ہی اوور میں لگا تار  دو گیندوں پر دو وکٹیں لے کر جنوبی افریقہ کی بیٹنگ لائن کمر توڑ دی۔

48رنز پر 6 کھلاڑی آؤٹ ہونے پر ڈیوڈ ملر نے  قومی باؤلرز پر لاٹھی چارج شروع کر دیا اور 45 گیندوں پر 85رنز  کی دھواں دھار اننگز کھیلی۔ ملر کی اننگز  میں 7 چھکے اور پانچ  چوکے شامل  تھے۔ ملر نے آخری اوور میں فہیم اشرف کو چارچھکے لگائے اور ٹیم کا ٹوٹل 164 رنز تک پہنچا دیا۔

پاکستان نے جنوبی افریقہ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد چار وکٹوں سے شکست دے کر سیریز بھی اپنے نام کر لی۔ پاکستان نے 165رنز کا ہدف 19 ویں اوور میں عبور کر لیا۔ پاکستان کی جانب سے بابر اعظم 44 اور محمد رضوان 42 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ حسن علی نے 7 گیندوں پر 20 رنز بنا کر جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔

محمد نواز مین آف دی میچ قرار پائے۔ محمد رضوان کو پاک جنوبی افریقہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ محمد رضوان کا کہنا تھا کپتان اور کوچز نے اسپورٹ  کیا اور پرفارمنس اچھی رہی۔ پریشر کے بغیر کھیل رہا ہوں۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرا ٹی 20 میچ اورسیریز جیتنے پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دی۔ عثمان بزدار نے کہا کھلاڑیوں کی شاندار باؤلنگ، عمدہ بیٹنگ اور بہترین فیلڈنگ نے پاکستان کو فتح سے ہمکنار کیا۔ قومی کھلاڑیوں نے میدان میں جس سپرٹ کا مظاہرہ کیا وہ قابل ستائش ہے۔ تیسرا ٹی20 میچ جیت کر پاکستانی ٹیم نے قوم کو خوشیاں دیں۔ شائقین کرکٹ نے آج کے میچ اور سیریز کو خوب انجوائے کیا۔ ٹی 20 سیریز کے لئے شاندار انتظامات پر متعلقہ اداروں اور عملے کو شاباش دیتا ہوں۔