Friday, May 10, 2024

تیسرا ٹی 20 ،پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 27 رنز سے شکست دیدی

تیسرا ٹی 20 ،پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 27 رنز سے شکست دیدی
February 7, 2019
سنچورین ( 92 نیوز) پاکستانی ٹیم تیسرا ٹی 20 میچ جیت کر  کلین سوئپ کی ہزیمت سے بچ گئی ۔ شاہینوں نے  جنوبی افریقہ کو27 رنز سے شکست دے دی۔ 169رنز کے ہدف کے تعاقب  میں پروٹیز 141رنز بنا سکے، میزبان ٹیم کی جانب سے کرس مورس نے 55رنز  اسکور کیے، پاکستان کی جانب سے  محمد عامر نے تین وکٹیں حاصل کیں، پروٹیز نے دو،ایک سے سیریز اپنے نام کی۔ شاداب خان کی بیٹنگ اور باؤلنگ میں عمدہ کارکردگی کی بدولت آخری ٹی 20 میں گرین شرٹس نے جنوبی افریقہ کو27 رنز سے شکست دے دی ۔ 169رنز کے ہدف میں پروٹیز  کا آغاز اچھا نہ تھا اور پانچ رنز  کے مجموعی اسکور پر شاہین شاہ آفریدی نے ہینڈرکس کو پویلین کی راہ دکھا دی۔ 30رنز پر تین وکٹیں گرنے پر جنوبی افریقن کپتان ڈیوڈ ملر اور ڈیوسن نے 36رنز کی شراکت داری کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور 66رنز تک پہنچا دیا،ڈیوڈ ملر 13رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ دوسرے اینڈ پر کھڑے ڈیوسن نے ٹیم کو سنبھالا دیا اور 41رنز کی اننگز کھیلی۔72رنز پر آدھی ٹیم کے پویلین لوٹنے پر جنوبی افریقن آل راؤنڈر کرس مورس نے مزاحمت دکھائی  لیکن میزبان ٹیم 141رنز  ہی بنا سکی، کرس مورس نے55 رنز کی اننگز کھیلی۔ پاکستان کی جانب سے محمد عامر نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، شاداب خان اور  فہیم اشرف نے دو،دو شکارکئے۔ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نو وکٹوں پر 168رنز  اسکور کیے، گرین شرٹس کی جانب سے  محمد رضوان 26رنز بنا کر نمایاں رہے، شاداب خان نے 8گیندوں پر 22رنز کی جارحانہ  اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے ہینڈرکس نے چار وکٹیں حاصل کیں، میزبان ٹیم نے  سیریز میں دو،ایک سےکامیابی سمیٹی  ۔ شاندار پرفارمنس دکھانے پر شاداب خان کو مین آف دی میچ اور ڈیوڈ ملر کو مین آف دی سیریز قرار دیا گیا۔