Thursday, April 25, 2024

تیسرا ون ڈے : پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست

تیسرا ون ڈے : پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست
January 19, 2017
پرتھ (92نیوز)شاہین پہلی جیت کے بعد ہی تھک گئے پرتھ میں کینگروز کو دبوچنے میں ناکام ہو گئے۔ آسٹریلیا نے تیسرے ون ڈے میں پاکستان کو سات وکٹوں سے ہرا دیا۔ آسٹریلیا کو سیریز میں 1-2  کی برتری حاصل ہو گئی۔ میزبان کپتان سٹیون سمتھ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ تفصیلات کےمطابق  میلبورن کی فتح کے بعد شاہین پرتھ میں بھی پر اعتماد انداز میں میدان میں اترے۔ پہلی وکٹ جلد گرنے کے بعد  بلے بازوں نے دوسری وکٹ کی شراکت میں اننگز کو سنبھالا دیا۔ بابر اعظم اور شرجیل خان کے درمیان  انچاس رنز کی شراکت ہوئی۔ دوسری کے بعد تیسری وکٹ بھی جلد ہی گر گئی تاہم شعیب ملک اور بابر اعظم نے عمدہ تریسٹھ رنز جوڑے۔ اس مرحلے پر پاکستان بہ آسانی دو سو اسی سے تین سو کے درمیان رنز کرتا ہوا دکھائی دے رہا تھا تاہم آسٹریلوی باؤلرز نے آخری دس اوورز میں عمدہ باؤلنگ کی اور یکے بعد دیگرے وکٹیں گرا کر پاکستان کو دو سو تریسٹھ رنز تک محدود کر دیا۔ بابر اعظم شاندار چوراسی رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے جبکہ شرجیل خان نے بھی عمدہ ففٹی اسکور کی۔  شعیب ملک اور عمر اکمل نے بھی انتالیس انتالیس رنز کی اننگز کھیلی۔   محمد رضوان چودہ اور محمد عامر چار رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جبکہ عماد وسیم نو،  اسد شفیق پانچ اور محمد حفیظ چار رنز بنا پائے، آسٹریلیا کے ہیزل ووڈ نے تین اور ہیڈ نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ پرتھ کے واکاگراؤنڈ میں آسٹریلوی کپتان سٹیون سمتھ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔  پاکستان نے بابر اعظم اور شرجیل خان کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت سات وکٹوں پر دو سو تریسٹھ رنز بنائے تاہم پاکستانی باؤلنگ بلے بازوں کا ساتھ نہ دے پائی اور آسٹریلیا نے سٹیون سمتھ اور پیٹر ہینڈزکومب کی شاندار بلے بازی کی بدولت صرف پینتالیس اوورز میں مطلوبہ ہدف حاصل کر لیا۔ سمتھ نے ایک سو چھے رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر نہ صرف فتح کی مضبوط بنیاد رکھی بلکہ اناسی اننگز میں تین ہزار رنز بنانے والے آسٹریلیا کے تیز ترین بلے باز بھی بن گئے۔ ان سے پہلے یہ ریکارڈ  مائیکل بیون اور جارج بیلی کے پاس تھا جنہوں نے اسی اننگز میں یہ سنگ میل عبور کیا تھا۔