Tuesday, April 23, 2024

تیس ہزار فٹ کی بلندی پر اڑتے ہوئے طیارے میں بچی کی پیدائش

تیس ہزار فٹ کی بلندی پر اڑتے ہوئے طیارے میں بچی کی پیدائش
October 17, 2015
تائے پی (ویب ڈیسک) تائیوان سے اڑان بھرنے والے ایک طیارے نے جب امریکی ریاست الاسکا کے ہوائی اڈے پر ہنگامی لینڈنگ کی تو اس وقت طیارہ ایک اضافی مسافر کے ساتھ تھا۔ یہ مسافر ایک نوزائیدہ بچی تھی جس نے ہزاروں فٹ کی بلندی پر دنیا میں قدم رکھا تھا۔ تفصیلات کے مطابق تائیوان سے لاس اینجلس جانے والی ایک پرواز میں حاملہ مسافر عورت نے غیرمتوقع طور پر تیس ہزار فٹ کی بلندی پر اڑتے ہوئے طیارے پر ایک بچی کو جنم دیا ہے۔ طیارے پر بچی کی پیدائش کا غیرمعمولی واقعہ اس لحاظ سے بھی انوکھا ہے کیونکہ سوال یہ اٹھتا ہے کہ بچی کی قومیت کیا ہو گی ؟ کیا جمہوریہ چین کے طیارے پر پیدا ہونے والی بچی امریکی ہو گی۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب طیارے کی ایک حاملہ مسافر نے قبل از وقت پیدائش کی علامات محسوس کیں اور ہوائی جہاز کے عملے کو اپنی تکلیف سے مطلع کیا۔ ہوائی جہاز کے عملے کے مطابق طیارہ اسوقت 19 گھنٹوں کا سفر مکمل کر چکا تھا اور بحرالکاہل کو عبور کر چکا تھا تاہم عملے کی جانب سے فوری طور پر مسافروں میں سے طبی امداد کے لیے پوچھا گیا اور خوش قسمتی سے جہاز پرموجود ایک ڈاکٹر نے عملے کی مدد سے آن بورڈ بچی کی کامیاب ولادت کرائی۔ بتایا گیا ہے کہ ہسپتال میں بچی اور ماں دونوں اچھی حالت میں ہیں۔ سول ائیرو ناٹکس ایڈمنسٹریشن کا کہنا ہے کہ بچی کو برتھ سرٹیفکیٹ الاسکا کے ہسپتال سے جاری کیا جائے گا کیونکہ بچی نے امریکی فضائی حدود کے اندر آنکھ کھولی ہے۔