Friday, April 26, 2024

تیس گیندوں پر 93رنز‘ مارٹن گپٹل نے لنکن ٹائیگرز کا بھرکس نکال دیا

تیس گیندوں پر 93رنز‘ مارٹن گپٹل نے لنکن ٹائیگرز کا بھرکس نکال دیا
December 28, 2015
کرائسٹ چرچ (ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی وکٹ پر کیویز اور لنکن ٹائیگرز کے درمیان کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میں نیوزی لینڈ نے لنکن ٹائیگرز کو ناکوں چنے چبوا دیے۔ سری لنکا کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اٹھائیس اوورزمیں ایک سو سترہ رنز بنائے۔ کیویز گیند بازوں کے سامنے ایک بھی لنکن ٹائیگر جم کر نہ کھیل سکا اور ایک کے بعد ایک پوری ٹیم کو پویلین کی راہ دیکھنا پڑی۔ کیویز کے میٹ ہینری نے چار اور مک کلینیگن نے تین لنکن ٹائیگرز کا شکار کیا۔ نیوزی لینڈ کے بلے باز جب اپنے گر دکھانے وکٹ پر آئے تو سری لنکن بولرز کا جادو نہ چل سکا۔ کیویز کے مارٹن گپٹل نے سترہ گیندوں پر نصف سنچری سکور کر کے اپنی ٹیم کی شاندار فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ مارٹن گپٹل نے صرف 30 گیندوں پر 8 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 93 رنز بنائے اور ناٹ آﺅٹ رہے۔ ان کے ساتھی اوپنر ٹام لاتھم نے 2 چوکوں کی مدد سے 17 رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ نے کوئی وکٹ گنوائے بغیر میچ 10 وکٹوں سے جیت لیا۔ اس فتح کے ساتھ ہی پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز میں نیوزی لینڈ نے دو صفر کی برتری بھی حاصل کر لی ہے۔