Thursday, May 9, 2024

تیس سال ملک کو بے دردی سے لوٹا گیا، بحالی میں وقت لگے گا ، فردوس عاشق

تیس سال ملک کو بے دردی سے لوٹا گیا، بحالی میں وقت لگے گا ، فردوس عاشق
December 31, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم کی معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا تمام کام الہ دین کا چراغ رگڑنے سے نہیں ہوں گے۔ تیس سال ملک کو بے دردی سے لوٹا گیا، بحالی میں وقت لگے گا۔ کابینہ اجلاس کے بعد فردوس عاشق نے پریس بریفنگ کرتے ہوئے کہا نیب آرڈیننس سے جنہیں زیادہ فائدہ ہورہا ہے، وہی شور بھی مچا رہے ہیں۔ حکومت نیب آرڈیننس زبردستی لاگو نہیں کرے گی، اسے پارلیمنٹ میں لائے گی۔ فردوس عاشق کا کہنا تھا وزیراعظم کی قیادت میں اس سال کا اختتامی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا۔ کابینہ اجلاس میں نئے سال کے لیے ترجیحات طے کی گئی۔ 9 نکاتی ایجنڈے پر تفصیل سے غور کیا گیا۔ کابینہ اجلاس شروع ہونے سے پہلے 5 ماہ سے مقبوضہ کشمیر کے کشمیریوں کے ساتھ بھارتی جارحیت کی شدید مذمت کی گئی۔ وزیراعظم پاکستان نے کابینہ کا مقبوضہ جموں کشمیر کے حوالے سے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا 2020ء انشاء اللہ عوام کی ترقی، ریلیف اور خوشحالی کا سال ہو گا۔ پاکستانی معیشت کے استحکام کے فوائد عام شہریوں کو منتقل کیے جائیں گے۔ جو پناہ گاہیں وزیراعظم نے قائم کیں، کھانا فراہم کرکے ریاست مدینہ کے مشن کی تکمیل کی، کابینہ نے اسے سراہا۔ پناہ گاہیں اور لنگر خانے کے ذریعے پسے ہوئے طبقات سے محبت کے رشتے کو تقویت دی جائے گی۔ فردوس عاشق اعوان بولیں وزیراعظم یوٹیلیٹی سٹورز کے ذریعے بنیادی اشیائے خورونوش پر 6 ارب روپے کی سبسڈی کا پروگرام لانچ کرنے جارہے ہیں۔ غریب عوام کے لیے فنانشل اسسٹنٹ کارڈ کا اجراء کیا جارہا ہے۔ صحت کارڈ کے ذریعے صحت کی سہولیات پوری کی جائیں گی۔