Wednesday, May 8, 2024

تیزگام ٹرین میں آگ بوگیوں میں قائم غیرقانونی کچن سے لگی اور سلنڈرز کے باعث پھیلی ، رپورٹ

تیزگام ٹرین میں آگ بوگیوں میں قائم غیرقانونی کچن سے لگی اور سلنڈرز کے باعث پھیلی ، رپورٹ
January 29, 2020
 لاہور (92 نیوز) تیزگام حادثے سے متعلق وزارت ریلوے کی انکوائری رپورٹ آ گئی۔ رپورٹ کے مطابق تیزگام ٹرین میں آگ تبلیغی جماعت کے سلنڈر سے نہیں بوگیوں میں قائم غیرقانونی کچن سے لگی اور سلنڈرز کے باعث پھیلی تیزگام حادثے کی انکوائری رپورٹ منظر عام پر آگئی۔ انکوائری رپورٹ میں خوفناک حادثہ کی وجہ بوگیوں میں غیرقانونی کچن کو قرار دے دیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق ڈائننگ کار مینیجر اور ویٹرز نے غیرقانونی طور پر بوگی نمبر گیارہ اور بارہ میں کچن قائم کیا ہوا تھا۔ رپورٹ میں قرار دیا گیا ہے کہ بوگیوں میں کچن قائم کرنے پر ڈائننگ کار مینیجر اور ویٹرز حادثے کے اصل قصوروار ہیں۔ بوگیوں میں گیس سلنڈر لے کر سوار ہونے والے مسافر حادثے کی دوسری بڑی وجہ قرار دیئے گئے ہیں۔ رپورٹ میں لکھا گیا ہے کہ کراچی کینٹ اسٹیشن پر مسافروں کو گیس سلنڈر رکھنے سے نہ روکا گیا۔ ہیڈ کانسٹیبل سمیت ریلوے پولیس کے متعدد اہلکار بھی حادثے کے ذمہ دار قراردیئے گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق عامر حسین شیخ نامی مسافر بھی حادثے کے ذمہ داروں میں شامل ہے۔ عامر حسین شیخ نامی مسافر نے متعدد ٹکٹیں اپنے نام سے خریدیں جو اپنے ساتھ گیس سلنڈر لائے تھے۔ ڈپٹی ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ کراچی کو حادثے ذمہ دار قراردیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ انہوں نے تبلیغی اجتماع کے مسافروں کی مناسب چیکنگ نہ کی۔ انکوائری رپورٹ میں ڈویژنل کمرشل آفیسر کراچی، سٹیشن آفیسر حیدرآباد سمیت ریلوے کے پانچ افسران حادثے کے ذمہ دار دیا گیا ہے۔