Monday, May 20, 2024

تیرہ سال گزرنے کے باوجود بھی قرآن مجید کے ناشران کی رجسٹریشن کا عمل نا مکمل

تیرہ سال گزرنے کے باوجود بھی قرآن مجید کے ناشران کی رجسٹریشن کا عمل نا مکمل
October 4, 2017

لاہور (92 نیوز) طویل پلاننگ ،زبانی جمع خرچ اور دعوے ، یہ پہچان ہے ’’پنجاب قرآن بورڈ‘‘ کی،جو تیرہ سال گزرنے کے باوجود بھی قرآن مجید کے ناشران کی رجسٹریشن کا عمل مکمل نہیں کر سکا۔
پنجاب قرآن بورڈ دوہزار چار میں قائم کیا گیا۔ مگر جن مقاصد کی تکمیل کے لئے اور جس بنیاد پر قرآن بورڈ پنجاب کی بنیاد رکھی گئی تھی اس پر کام پہلے دن سے ہی آگے نہیں بڑھ سکا۔
بورڈ کے اہداف میں قرآن مجید کی طباعت کرنے والے ناشران کو رجسٹرڈ کرنا اور غیر معیاری کاغذ پر قرآن مجید کی طباعت کو روکنا شامل ہے۔
اس وقت پنجاب قرآن بورڈ کے پاس رجسٹرڈ ناشران قرآن مجید کی تعداد بہترہے مگر سینکڑوں ناشران ابھی تک بھی رجسٹرڈ نہیں کئے جا سکے اور وہ غیر معیاری کاغذ پر قرآن مجید کی اشاعت کر رہے ہیں۔
غیر معیاری اوراق کے بوسیدہ ہونے پرشہری انہیں مختلف مقامات پردفن کردیتے ہیں یا پانی میں بہادیتے ہیں ۔ اس کاثبوت نہر سے ملنے والی بوریاں ہیں جن میں مقدس اوراق تھے۔
اس حوالے سے چیئر مین پنجاب قرآن بورڈ علامہ غلام محمد سیالوی کہتے ہیں کہ اس بارے میں قوانین سخت کر رہے ہیں ۔ موجودہ بجٹ میں پنجاب حکومت نے قرآن بورڈ کیلئے ایک کروڑ کا بجٹ مختص کیا مگراس کی کارکردگی نہ ہونے کے برابرہے اور وہ قرآن پاک کی غیر معیاری طباعت رکوانے میں کامیاب نہیں ہوسکا۔