Friday, April 19, 2024

تھوڑا سا صبر، پاکستان دنیا میں طاقتور ملک بنے گا، وزیراعظم عمران خان

تھوڑا سا صبر، پاکستان دنیا میں طاقتور ملک بنے گا، وزیراعظم عمران خان
October 24, 2020
میانوالی (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کہتے ہیں کہ تھوڑا سا صبر کرنا ہے، پاکستان دنیا میں طاقتور ملک بنے گا۔ وزیراعظم نے میانوالی کی یونین کونسلز کیلئے 2 ارب روپے سے صاف پانی اسکیم کا اعلان کردیا۔ میانوالی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ لوگ سوال پوچھتے ہیں، عثمان بزدار کو وزیر اعلیٰ کیوں بنایا۔ جن کے بچے لندن میں ہوں، علاج باہر کرائیں، اِن کو کیسے احساس ہوگا کہ لوگ کیسے رہتے ہیں، ایک دو شہروں پر پیسہ خرچ کرنے سے قوم ترقی نہیں کرتی۔ انہوں نے کہا کہ مدینہ کی ریاست میں قانون سب کیلئے برابر تھا، میانوالی میں بڑے بڑے طاقتور لوگ کمزوروں پر کیسز کردیتے تھے کسی پر بندوق رکھواکر تھانے میں ڈلوا دیا، کسی پر منشیات رکھ دی۔ سیاست شروع کی تو سب کہتے تھے ان بڑے بڑے طاقتوروں کو کیسے شکست دیں گے۔ آئی جی صاحب آپ نے مسلسل نظر رکھنی ہے تھانوں پرکسی غریب اور کمزور پر تھانے میں کسی قسم کا ظلم نہ ہو۔ حضرت علیؓ کا قول ہے کفر کا نظام چل جائے گا، ظلم کا نظام نہیں چل سکتا۔ عمران خان بولے کہ پسماندہ علاقوں کو پہلے اوپر اٹھائیں، نیا نظام لے کر آئیں گے تاکہ اسکولوں میں ٹیچرز ہوں، پولیس کمزور کی حفاظت کرے۔ خوشی ہے میانوالی میں اپنے لوگوں کیساتھ ہوں، لوگ کہتے تھے کہ کھلاڑی سیاست کیسے کریگا، تو میانوالی کے لوگ میرے ساتھ کھڑے تھے۔