Sunday, September 8, 2024

تھرپارکر: پھول جو بن کھلے مرجھا گئے، سول اسپتال مٹھی میں چھے بچے زندگی کی بازی ہار گئے

تھرپارکر: پھول جو بن کھلے مرجھا گئے، سول اسپتال مٹھی میں چھے بچے زندگی کی بازی ہار گئے
March 17, 2016
تھرپارکر (نائنٹی ٹو نیوز) تھر کے باسی آخر جائیں تو کدھر جائیں؟ یقین کریں تو کس پر؟ کسے اپنا مسیحا سمجھیں؟ ہر روز کوئی نہ کوئی بچہ ماں کی گود سے موت کی آغوش میں چلا جاتا ہے۔ آج بھی مزید چھے پھول مرجھا گئے۔ سندھ کے سائیں تھر کی صورتحال پر آنکھیں بند کیے ہوئے ہیں۔ ایسے میں یہ سوال تو اٹھے گا ہی کہ کون ہے جو تھر کے مکینوں کے زخموں پہ مرہم رکھ سکتا ہے؟ کس کی زبان سے نکلے ہوئے جملوں کو وہ اپنے جذبات کا ترجمان سمجھیں؟ تھرپارکر میں غذائی قلت اور بیماریوں کا سدباب کرنے والا کوئی نہیں جس کی وجہ سے ہر روز معصوم بچے زندگیوں کی بازی ہار رہے ہیں۔ آج سول اسپتال مٹھی میں مزید چار بچے موت کی وادی میں اتر گئے۔ سائیں سرکار کے وزراء نے تھر کے طوفانی دورے تو کیے لیکن عملی اقدامات صفر جمع صفر رہے۔ تھرپارکر میں رواں سال غذائی قلت سے جاں بحق بچوں کی تعداد 205 ہو گئی ہے۔ آخر حکومتی غفلت کا سلسلہ کب تک چلتا رہے گا؟ یہ سوال اپنی جگہ برقرار ہے جس کا جواب ہمیں ڈھونڈنا ہو گا۔