Sunday, September 8, 2024

تھرپارکر میں خوراک مہنگی، موت سستی ہو گئی‘ رواں ماہ 60 ہلاکتیں

تھرپارکر میں خوراک مہنگی، موت سستی ہو گئی‘ رواں ماہ 60 ہلاکتیں
January 18, 2016
تھرپارکر (92نیوز) تھر میں ہر آنکھ عشق بار‘ ہر طرف سوگ کا عالم اور گھروں میں صف ماتم بچھی ہے۔ تھر کے مختلف علاقوں میں آج مزید چھ بچے جاں بحق ہوگئے تاہم حکومت کے کانوں پر جوں تک نہ رینگی۔ تفصیلات کے مطابق تھر میں غذائی قلت اور مختلف بیماریوں کے باعث بچوں کی اموات کا سلسلہ رکنے کا نام نہیں لے رہا۔ آج مزید چھ پھول مرجھا گئے جبکہ 90 سے زائد بچے اب بھی زیر علاج ہیں۔ آج مٹھی میں دو‘ ننگرپارکر میں ایک اور چھاچھرو کے گاوں آدم رند میں تین بچے موت کی وادی میں جا پہنچے تا ہم حکومت سب اچھا ہے کا راگ الاپ رہی ہے۔ مٹھی سول ہسپتال میں سومار سموں کی نومولود بچی اور بابو کا چار ماہ کا بچہ ہلاک ہوا۔ ننگرپارکر کے تحصیل ہسپتال میں پولو کولھی کی نومولود بچی ہلاک ہوئی۔ چھاچھرو کے گاوں آدم رند میں تین بچے ہلاک ہوئے جن میں حادی رند کی ایک سالہ نیاز خاتون‘ حبدار رند کی ایک ہفتے کی پروین رند اور جمال دین رند کا ایک دن کا معصوم بچہ موت کی نذر ہو گیا۔