Sunday, September 8, 2024

'تھر میں بچے مر رہے ہیں اور یہاں گٹر سیاست چل رہی ہے'

'تھر میں بچے مر رہے ہیں اور یہاں گٹر سیاست چل رہی ہے'
January 18, 2016
کراچی (92نیوز) سندھ اسمبلی کے اجلاس سے قبل ارکان نے پھر روایتی طور پر ایک دوسرے کو آڑے ہاتھوں لیا۔ اسپیکر سندھ اسمبلی سراج درانی کا کہنا ہے کہ وہ چاہتے ہیں کہ اپوزیشن اورحکومت ساتھ بیٹھ کر عوام کے مسائل حل کریں جبکہ خواجہ اظہارالحسن کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ بلدیاتی نظام کو ٹھیک کرنا ہے تو ہر وزیر کو تین تین ماہ کیلئے وزیربلدیات بنا دیں۔ تفصیلات کے مطابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی سندھ اسمبلی اجلاس سے قبل میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ جمہوریت میں احتجاج کرنا اپوزیشن کا حق ہے۔ احتجاج ایوان میںآ کر اپنی نشستوں پر کیا جائے۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن کا کہنا تھا کہ بلدیاتی نظام کو ٹھیک کرنے کیلئے 40 سے 50 وزیر بلدیات درکار ہیں۔ وزیراعلیٰ بلدیاتی نظام کو درست کرنا چاہتے ہیں تو ہر وزیر کو تین تین ماہ کیلئے وزیر بلدیات بنا دیں۔ فنکشنل لیگ کی رہنمانصرت سحر عباسی کا کہنا تھا کہ تھر میں روزانہ بچے مر رہے ہیں اور سندھ میں گٹروں کی سیاست چل رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں پولیس نے ایک اور بےگناہ نوجوان کی جان لی ہے۔ اس کی تحقیقات کرائی جائیں۔