Sunday, September 8, 2024

تھر میں بچوں کی اموات کی وجہ قحط نہیں موسمی حالات ہیں : مولابخش چانڈیو

تھر میں بچوں کی اموات کی وجہ قحط نہیں موسمی حالات ہیں : مولابخش چانڈیو
January 9, 2016
حیدرآباد (92نیوز) صوبائی مشیر اطلاعات مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ تھر کے حالات قحط کی وجہ سے نہیں ہیں۔ بچوں کی عمریں اور موسمی حالات اموات کا باعث ہیں۔ اعتراف کرتا ہوں کہ تھر میں جتنی سہولیات ہونی چاہئیں وہ نہیں ہیں۔ اسلام آباد میں بیٹھ کر تھر کی غربت کی تصاویر دیکھی جارہی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سندھی لینگویج اتھارٹی حیدرآباد میں زکوة و عشر کمیٹی کی جانب سے بینظیر معاونت کارڈ کی تقسیم کی تقریب کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ میڈیا کے لوگوں کو سندھ حکومت پر تنقید کا شوق ہے تو پورا کرلے۔ انہوں نے کہا کہ تھر میں بچوں کی اموات قحط کی وجہ سے نہیں بلکہ بچوں کی عمریں اور موسمی حالات اموات کا باعث ہیں۔ مشیر اطلاعات نے اعتراف کیا کہ تھر میں جتنی سہولیات ہونی چاہئیں وہ نہیں ہیں لیکن ان کو بہتر کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں بیٹھ کر تھر کی غربت کی تصاویر دیکھی جارہی ہیں۔ مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ رینجرز اختیارات کا معاملہ التواءمیں تھا تو لگتا تھا کہ چوہدری نثار قلعہ فتح کرنے جارہے ہیں۔ جس معاملے کو زندگی اور موت کا مسئلہ بنایا ہوا تھا اس پر وفاقی حکومت کی سنجیدگی دیکھی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی نون لیگ کی حکومت آتی ہے چھوٹے صوبوں کے لئے مسائل کھڑے ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں قانونی تقاضوں کے ساتھ انصاف کے تقاضے بھی پورے ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے جمہوریت بچانے کے لئے بہت تنقیدیں برداشت کی ہیں۔