Friday, April 19, 2024

لیگی قیادت کیخلاف درج مقدمے سے نوازشریف کے علاوہ تمام نام خارج

لیگی قیادت کیخلاف درج مقدمے سے نوازشریف کے علاوہ تمام نام خارج
October 11, 2020
 لاہور (92 نیوز) تھانہ شاہدرہ میں لیگی قیادت کیخلاف درج مقدمے پر اہم پیشرفت ہو گئی۔ مقدمے سے نوازشریف کے علاوہ تمام نام خارج کر دیئے گئے۔ مریم نواز ، شاہد خاقان، پرویز رشید، خواجہ آصف ، رانا ثنا اللہ سمیت دیگر نام نکال دیے گئے۔ قبل ازیں نوازشریف اور مریم نواز کےخلاف بغاوت کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ شہری کی درخواست پر تھانہ شاہدرہ لاہور میں مقدمہ درج کیا گیا تھا ۔ شاہد خاقان، خواجہ آصف، سعد رفیق، رانا ثنااللہ، احسن اقبال سمیت ن لیگ کی مرکزی قیادت بھی ایف آئی آر میں نامزد تھی۔ ایف آئی آر کے مطابق نواز شریف سوچی سمجھی سازش کے تحت پاکستان اور  اداروں کو بدنام کر رہے ہیں۔ اس کے بعد پنجاب حکومت نے بغاوت کے مقدمے میں نامزد ملزمان کو گرفتار کرنے کا اعلان کر دیا تھا جبکہ لیگی رہنماؤں پر بغاوت کے مقدمے میں مسلم لیگ نون کے رہنماؤں کی لاہور کے تھانہ شاہدرہ آمد ہوئی تھی ۔ محمد زبیر اور عطا اللہ تارڑ نے ایس ایچ او شاہدرہ سے ملاقات کی جس میں ایف آئی آر کے متعلق بات چیت کی گئی تھی ۔ نوازشریف اور مریم نواز کے ترجمان محمد زبیر کا کہنا تھا کہ یہ حکومت کی آشیر باد کے بغیر سے درج نہیں ہو سکتا۔ مقدمہ وزیراعظم کے کہنے پر درج ہوا۔ پہلا مقدمہ ہے جس میں ملزمان خود تھانے آئے ہیں۔ ایس ایچ او کا کہنا تھا کہ پولیس میرٹ پر تفتیش کرے گی۔ میڈیا سے بات چیت میں محمد زبیر کا کہنا تھا کہ چالیس تو کیا چالیس ہزار پر مقدمے بنائیں ہم باہر ضرور آئیں گے۔ اس موقع پر مسلم لیگ ن کے رہنما عطااللہ تارڑ نے کہا تھا کہ ہم نامزد ملزم ہیں تو گرفتار کیوں نہیں کر لیتے؟