Friday, March 29, 2024

تھائی لینڈ کی غار میں پھنسی نوعمر ٹیم کو نکالنے کیلئے حساس ترین آپریشن شروع

تھائی لینڈ کی غار میں پھنسی نوعمر ٹیم کو نکالنے کیلئے حساس ترین آپریشن شروع
July 8, 2018
بینکاک (92 نیوز) تھائی لینڈ کی غار میں پھنسی نوعمر ٹیم کو نکالنے کیلئے تاریخ کا حساس ترین آپریشن شروع ہو گیا۔ پندرہ غیر ملکی اور پانچ تھائی نیوی کے ماہر غوطہ خوروں کی ٹیم مشکل ترین مشن کو کامیاب بنانے کیلئے پرعزم ہے۔ بچوں کو نکالنے میں دو سے چار روز کا وقت لگ سکتا ہے۔ ادھر انتظامیہ نے غار کے قریب موجود علاقہ میڈیا اور غیرمتعلقہ افراد سے بھی خالی کرا لیا ہے۔ ٹیم کے سربراہ نرونگسک اوسوٹناکورن کے مطابق آپریشن کیلئے اس وقت حالات سازگار ہیں۔ غار سے مسلسل پانی بھی نکالا جارہا ہے تاہم آنے والے دنوں میں مون سون بارشوں کے سبب یہ مکمل پانی میں ڈوب سکتی ہے۔ نرونگسک اوسوٹناکورن کا کہنا تھا کہ ہر بچہ ایک غوطہ خور کے ساتھ واپس آئے گا جو آرام کیلئے مختلف مقامات پر رکیں گے بھی۔ غار میں آکسیجن کے سلنڈرز کی اضافی تعداد بھی پہنچادی گئی ہے۔ چار کلومیٹر طویل راستہ پانی اور گارے سے بھرا ہوا ہے۔ بعض مقامات پر جگہ اتنی تنگ ہے کہ غوطہ خور آکسیجن کے سلنڈر کے ساتھ نہیں گزر سکتا۔  بچے غار میں جس مقام پر موجود ہیں وہاں تک آنے جانے میں گیارہ گھنٹے صرف ہوتے ہیں۔