Friday, May 10, 2024

تھائی لینڈ میں فوجی اہلکار کی فائرنگ سے 26 افراد ہلاک ، درجنوں زخمی

تھائی لینڈ میں فوجی اہلکار کی فائرنگ سے 26 افراد ہلاک ، درجنوں زخمی
February 9, 2020
 بینکاک (92 نیوز) تھائی لینڈ میں فوجی اہلکار کی فائرنگ سے 26 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔ تھائی لینڈ میں بڑے پیمانے پر فائرنگ کا خوفناک واقعہ پیش آیا۔ حملہ آور 17 گھنٹے تک معصوم لوگوں کے خون سے ہولی کھیلنے کے بعد اپنے انجام کو پہنچ گیا۔ خونی کھیل کا آغاز ناکھون راتچاسیما کے ملٹری کیمپ پر فائرنگ سے ہوا جہاں جکراپنتھ تھوما نامی جونیئر فوجی اہلکار نے اپنے کمانڈر اور دو ساتھیوں کو موت کے گھاٹ اتارا اور فوجی گاڑی میں بیٹھ کر بدھ مت مندر اور مقامی شاپنگ مال جا پہنچا اور درجنوں معصوم لوگوں کو اپنی گولیوں کا نشانہ بنایا۔ گھنٹوں تک جاری رہنے والے آپریشن کے بعد بالآخر سیکورٹی فورسز نے حملہ آور کو ہلاک کر کے متعدد افراد کو بازیاب کرا لیا۔ مقامی میڈیا کے مطابق اس خونی کارروائی کیلئے حملہ آور نے فوجی اسلحہ چرایا جس میں 3 رائفلیں اور 700 سے زائد گولیاں ، 2 مشین گنیں اور ان کے سو گولیوں والے 2 راؤنڈ شامل تھے۔ کارروائی کے دوران حملہ آور قتل عام کی براہ راست فوٹیج سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے کے علاوہ سیلفیاں بھی پوسٹ کرتا رہا تاہم نشاندہی پر اس کا اکاؤنٹ بند کر دیا گیا تھا۔