Friday, April 26, 2024

تھائی لینڈ ،زیرسمندرغار میں لاپتہ ہونیوالی فٹبال ٹیم کا سراغ مل گیا

تھائی لینڈ ،زیرسمندرغار میں لاپتہ ہونیوالی فٹبال ٹیم کا سراغ مل گیا
July 3, 2018
تھائی لینڈ ( 92 نیوز) تھائی لینڈ کی زیرسمندر غار میں لاپتہ ہونے والی فٹبال ٹیم کا معجزانہ طور پر سراغ مل گیا ، 12 نوعمر لڑکے اور کوچ 9 روز بعد بھی زندہ سلامت ہیں ، فوجی حکام کے مطابق انھیں نکالنے میں مہینوں لگ سکتے ہیں۔ تھائی لینڈ میں 9 روز قبل لاپتہ ہونے والی انڈر سکس ٹین فٹبال ٹیم زندہ حالت میں مل گئی ، اس خبر نے جہاں لواحقین میں خوشی کی لہر دوڑائی، وہیں ان تک رسائی میں حائل مشکلات نے حکام کو پریشان کردیا ۔ فوجی حکام کے مطابق پانی اور گارے سے بھرے غار سے ٹیم کو نکالنے میں مہینوں لگ سکتے ہیں ، اس وقت انھیں کھانے پینے کی مستقل فراہمی اصل مسئلہ ہے ، بچوں کو باہر نکالنے کیلئے انھیں تیراکی سیکھانا ہوگی، تاہم سیلابی صورتحال میں یہ بھی خطرناک ہے ۔ تھائی نیوی سیل نے غار میں محصور بچوں کی ویڈیو بھی جاری کی ہے ، جس میں وہ پانی میں گھرے ایک خشک حصے میں دبکے ہوئے بیٹھے نظر آرہے ہیں ۔ فٹبال ٹیم مہم جوئی کیلئے23  جون کو تھام لوان نانگ نون نامی غاروں کے سلسلے میں آئی تھی ، جس کا  منہ موسلادھار بارشوں کے بعد پانی بھرنے سے بند ہوگیا تھا ، ریسکیو آپریشن میں چین، آسٹریلیا، امریکا اور برطانیہ کے ماہر شامل تھے۔