Monday, September 16, 2024

توہین عدالت کیس ، نہال ہاشمی نے عدالت عظمیٰ سے غیر مشروط معافی مانگ لی

توہین عدالت کیس ، نہال ہاشمی نے عدالت عظمیٰ سے غیر مشروط معافی مانگ لی
March 26, 2018

 اسلام آباد (92 نیوز) چیف جسٹس نے توہین عدالت کیس میں نہال ہاشمی کی سرزنش کر دی ۔ لیگی رہنما نے غیر مشروط معافی مانگ لی ۔

 چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے نہال ہاشمی کیخلاف توہین عدالت کی سماعت کی ۔

 دوران سماعت نہال ہاشمی نے غیر مشروط معافی مانگتے ہوئے کہا کہ وہ خود کو عدالت کے رحم وکرم پر چھوڑتے ہیں جس پر چیف جسٹس نے خوب سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ جو باتیں آپ نے کیں، کیا وہ قابل رحم ہیں ؟  

 چیف جسٹس نے کہا کہ ہم دوبارہ ویڈیو چلا کر آپ کو دکھا دیتے ہیں، آپ نے سپریم کورٹ کے خلاف نازیبا الفاظ کہے ۔ کیا آپ وہی الفاظ اپنی ذات کیلئے دہرا سکتے ہیں ۔

 چیف جسٹس نے کہا کہ وہ ایسی باتیں کرتے تو شرم سے ڈوب مرتے لیکن آپ تو پشیمانی کا اظہار بھی نہیں کر رہے ۔

 دوران سماعت رشید اے رضوی، فروغ نسیم سمیت کمرہ عدالت میں موجود وکلا کو روسٹرم پر طلب کر لیا گیا ۔

 چیف جسٹس نے کہا کہ ان کا اپنا بیٹا بھی ایسی حرکت کرتا تو وہ وکلاء سے انصاف کا کہتے ۔ وکلاء بتائیں کہ نہال ہاشمی کے ساتھ کیا کیا جائے ۔

 رشیداے رضوی نے کہا کہ ان باتوں کا دفاع نہیں کیا جا سکتا، ہم نے ادارے کی سربلندی کیلئے زندگی گزار دی جس پر جسٹس ثاقب نے کہا کہ اگرنہال ہاشمی نے دوبارہ ایسے الفاظ دہرائے تو نہیں چھوڑیں گے اور وکالت کا لائسنس معطل کرنے کا بھی سوچیں گے ۔

 عدالت نے معاونت کیلئے بار کے رہنماﺅں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت کل تک ملتوی کر دی ۔