Thursday, April 25, 2024

دانیال عزیز سیاست کے دنگل سے آؤٹ، 5سال کیلئے نااہل قرار

دانیال عزیز سیاست کے دنگل سے آؤٹ،  5سال کیلئے نااہل قرار
June 28, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) سپریم کورٹ نے سابق وفاقی وزیر دانیال عزیز کو توہین عدالت کا مجرم قرار دے دیا۔ عدالت برخواستگی تک کی سزا بھگت کر دانیال عزیز 5 سال کےلیے نااہل ہوگئے۔ سابق وفاقی وزیر دانیال عزیز کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔ دانیال عزیز بروقت نہ پہنچ سکے جس پر محفوظ شدہ فیصلہ کچھ دیر کےلیے موخر کرنا پڑا۔ عدالت نے برہمی کا اظہار بھی کیا اور قرار دیا کہ دانیال عزیز کی موجودگی میں ہی فیصلہ سنایا جائے گا۔ دانیال عزیز تاخیر سے کمرہ عدالت پہنچے تو جسٹس مشیر عالم نے فیصلہ سنایا جس کے مطابق دانیال عزیز توہین عدالت کے مجرم ٹھہرے اور انہیں عدالت کی برخواستگی تک کی سزا سنا دی گئی۔ فیصلہ توہین عدالت کی شق 204 کے تحت سنایا گیا۔ سزا کے بعد دانیال عزیز آئندہ پانچ سال کےلیے نااہل ہو گئے۔ سابق وزیر دانیال عزیز پر 3 الزامات تھے جن میں ایک الزام جو کہ نگران جج پر لگایا گیا سے بری کر دیا گیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دانیال عزیز نے کہا کہ انکے خلاف تین الزامات تھے جس میں ایک میں بری ہوئے ہیں اور دو میں سزسنائی گئی ، انکی جماعت نے ہرعدالتی فیصلے کومن عن تسلیم کیا تاہم اختلاف رائے حق ہے جس سے عوام کو اگاہ کریں گے۔ لیگی رہنما نے مزید کہا کہ لاک ڈاون ، صوبے کو وفاق سے لڑانے اوردارالحکومت کو بند کرنے کوششیں نہیں کیں بلکہ انہوں نے ہمیشہ اداروں کو مضبوط کرنے کیلئے جدوجہد کی۔ واضح رہے کہ 3 مئی کو سپریم کورٹ نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔