Friday, March 29, 2024

توہین عدالت کیس، فردوس عاشق اعوان کو کارروائی پر اثر انداز ہونے کا نیا شوکاز نوٹس جاری

توہین عدالت کیس، فردوس عاشق اعوان کو کارروائی پر اثر انداز ہونے کا نیا شوکاز نوٹس جاری
November 1, 2019

اسلام آباد (92 نیوز) توہین عدالت کیس میں معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کو کارروائی پر اثر انداز ہونے کا نیا شوکاز نوٹس جاری کر دیا گیا۔

فردوس عاشق اعوان کیخلاف توہین عدالت کے شوکاز نوٹس پر سماعت ہوئی۔ معاون خصوصی اطلاعات اسلام آباد ہائی کورٹ ميں پیش ہوئی۔ چیف جسٹس نے فردوس عاشق اعوان سے طويل مکالمہ کرتے ہوئے کہا آپ اہم عہدے پر فائز ہیں ۔ میری ذات کے بارے میں جو کہیں مجھے پرواہ نہیں۔ آپ نے زیر سماعت مقدمے پر بات کی جس سے فیئر ٹرائل کا حق متاثر ہوتا ہے۔ وزیراعظم عمران خان قانون کی بالادستی پر ہمارے ساتھ ہیں ۔ یقین ہے انہوں نے آپ کو ایسا کہنے کا نہیں کہا ہو گا۔

فردوس عاشق اعوان نے عدالت سے غیر مشروط معافی مانگ لی اور بوليں عدلیہ کی توہین کا سوچ بھی نہیں سکتی۔ چيف جسٹس نے کہا آپ کو شوکاز نوٹس جاری نہیں کرنا تھا ۔ صرف يہ دکھانے کيلئے بلایا کہ آپ نے کیا کیا؟؟مجھے اس عدالت کے ججز پر فخرہے، ہم چھٹی کے دن بھی شہريوں کو سننے کے پابند ہیں۔

عدالت نے عدلیہ کے حوالے سے متنازعہ بیان کی حد تک فردوس عاشق اعوان کی معافی قبول کر لی لیکن کیس پر اثر انداز ہونے پر نیا شوکاز نوٹس بھی جاری کر ديا ۔ یہ بھی واضح کیا کہ عدالت کو مطمئن کرنا ہو گا کہ آپ کی گفتگو کیس پر اثرانداز ہونے کی کوشش نہیں تھی۔

 عدالت نے فردوس عاشق کو دوبارہ 5 نومبر کو طلب کرتے ہوئے تحريری جواب بھی مانگ لیا۔