Monday, September 16, 2024

توہین عدالت کیس ، طلال چودھری کیخلاف کیس کی سماعت ایک ہفتے تک ملتوی

توہین عدالت کیس ، طلال چودھری کیخلاف کیس کی سماعت ایک ہفتے تک ملتوی
February 6, 2018

اسلام آباد (92 نیوز) توہین عدالت کیس میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری کیخلاف کیس کی سماعت ایک ہفتےتک ملتوی کر دی گئی ہے ۔
وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری کی جانب سے عدلیہ مخالف تقریر کے معاملہ پر جسٹس اعجاز افضل کی سربراہی میں جسٹس مقبول باقر اور جسٹس فیصل عرب پر مشتمل سپریم کورٹ کے 3 رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی ۔
طلال چوہدری کے ہمراہ سینیٹر پرویز رشید اور وزیر مملکت طارق فضل چوہدری بھی عدالت میں پیش ہوئے ۔
دوران سماعت طلال چوہدری نے کہا کہ سپریم کورٹ کے وکلاء بہت مصروف ہوتے ہیں ۔ وکیل کرنے کے لئے وقت دیا جائے جس پر جسٹس اعجاز افضل نے استفسار کیا کہ کتنا وقت لگتا ہے وکیل کرنے میں ۔ کیوں نہ 3 سال یا 3 ماہ دے دیں ۔
طلال چوہدری نے استدعا کی کہ 3 ہفتوں کی مہلت دی جائے تاہم عدالت نے ان کی یہ استدعا مسترد کر دی اور انہیں شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 13 فروری تک ملتوی کر دی ۔
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے عدلیہ مخالف تقریر پر آرٹیکل 184 (3) کے تحت طلال چودھری کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا تھا ۔
عدالت نے مسلم لیگ ن کے ہی ایک رہنماء اور وزیر نجکاری دانیال عزیز کو بھی عدلیہ مخالف تقریر پر نوٹس جاری کرتے ہوئے 7 فروری کو طلب کر رکھا ہے ۔