Thursday, September 19, 2024

توہین عدالت کیس ، طلال چودھری کو پیر تک مہلت، دانیال عزیز کو شوکاز نوٹس جاری

توہین عدالت کیس ، طلال چودھری کو پیر تک مہلت، دانیال عزیز کو شوکاز نوٹس جاری
February 19, 2018

اسلام آباد (92 نیوز) توہین عدالت کیس میں سپریم کورٹ نے طلال چودھری کو 26 فروری تک ایک اور مہلت دے دی جبکہ دانیال عزیز کو شوکاز جاری کر دیا ۔
جسٹس اعجاز افضل کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کی ۔ طلال چوہدری کی جانب سے وکیل کامران مرتضیٰ پیش ہوئے ۔
کامران مرتضیٰ نے موقف اختیار کیا کہ طلال چوہدری نے پہلے عاصمہ جہانگیر کی خدمات حاصل کی تھیں ۔ عاصمہ جہانگیر کے انتقال کے بعد فائل انہیں تھما دی گئی ۔ کچھ ذاتی مسائل بھی ہیں ۔ کیس کی تیاری کے لئے 10 روز کا وقت دیا جائے ۔
اس پر جسٹس اعجاز افضل نے ریمارکس دیئے کہ گزشتہ سماعت پر بھی یہی عذر پیش کیا گیا ۔ مسائل تو عدالت کے بھی ہیں ۔
عدالت نے 10روز کے وقت کو زیادہ قرار دیتے ہوئے 26 فروری تک جواب جمع کرانے کی مہلت دے کر سماعت ملتوی کر دی ۔
دوسری جانب جسٹس عظمت سعید شیخ کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے دانیال عزیز کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کی ۔
جسٹس عظمت سعید شیخ نے ریمارکس دیئے کہ بادی النظر میں دانیال عزیز توہین عدالت کے مرتکب ہوئے ہیں ۔
عدالت نے دانیال عزیز کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے اٹارنی جنرل کو استغاثہ مقرر کر دیا ۔
کیس کی مزید سماعت 23 فروری کو ہو گی ۔