Monday, September 16, 2024

توہین عدالت کیس، سپریم کورٹ نے نہال ہاشمی کی معافی قبول کر لی

توہین عدالت کیس، سپریم کورٹ نے نہال ہاشمی کی معافی قبول کر لی
March 27, 2018

اسلام آباد ( 92 نیوز ) توہین عدالت کیس میں  سپریم کورٹ نے نہال ہاشمی کی معافی قبول کرلی  ، عدالت نے نہال ہاشمی کے خلاف توہین عدالت کا نوٹس واپس لے لیا ۔نہال ہاشمی نے تحریری معافی نامے میں کہا ہے  کہ اپنے کئے پر نادم ہوں آئندہ ایسی گفتگو نہیں کروں گا ۔

قبل ازیں توہین عدالت کیس میں عدالتی معاونین نے سپریم کورٹ سے نہال ہاشمی کو معاف کرنے کی استدعا کی تھی ، جس پر  عدالت عظمیٰ نے نہال ہاشمی کو غیر مشروط تحریری معافی مانگنے کا موقع دے دیا ۔

 دوران سماعت وائس چیئرمین پاکستان بارکامران مرتضیٰ نے کہا کہ نہال ہاشمی کی گفتگو کا دفاع نہیں کرونگا، بطور وائس چیئرمین پاکستان بار عدالت سے معافی مانگتا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ نہال ہاشمی نے زیادتی کی ہے، وکلا رہنماﺅں نے نہال ہاشمی کو معاف کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ عدالت بڑے پن کا ثبوت دے ۔ ادھر رشید اے رضوی نے کہا کہ عدلیہ کو برا کہنے والا خود کو برا کہہ رہا ہوتا ہے ۔

 عدالتی معاونین نے بتایا کہ سندھ بار نے نہال ہاشمی کیخلاف کارروائی کا آغاز کر دیا ۔  صدر سپریم کورٹ بار پیر کلیم خورشید نے کہا کہ داروں کا احترام نہیں کروا سکتے تو یہ ہماری ناکامی ہے، ہم نے ہمیشہ عدلیہ کے احترام کیلئے کوشش کی ، معاملہ ذاتی ہے عدالت معافی قبول کر لے ۔ اس پر عدالت نے نہال ہاشمی سے تحریری معافی نامہ طلب کر لیا ۔

 چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ تحریری معاف نامے کے الفاظ کا جائرہ لیں گے ۔ الفاظ سے مطمئن ہوئے تو نہال ہاشمی کو معاف کر دیں گے ۔

 چیف جسٹس آف پاکستان نے کہا کہ توہین عدالت کے کسی اور کیس پر معافی کا اطلاق نہیں ہو گا ۔ کوئی یہ نہ سمجھے ہم نے معافی کا اصول طے کر لیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ توہین عدالت کے دیگر مقدمات کا جائرہ میرٹ پر لیں گے ،نہال ہاشمی کو معافی اس کیس کی حد تک ہو گی ۔

 دوسری جانب طلال چوہدری کیخلاف توہین عدالت کیس کی سماعت بغیر کارروائی کے چھ اپریل تک ملتوی کر دی گئی ۔