Friday, April 26, 2024

توہین عدالت کیس، رانا شمیم کا اصل بیان حلفی برطانیہ سے اسلام آباد ہائیکورٹ کو ارسال

توہین عدالت کیس، رانا شمیم کا اصل بیان حلفی برطانیہ سے اسلام آباد ہائیکورٹ کو ارسال
December 13, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) توہین عدالت کیس میں گلگت بلتستان کے سابق چیف جج رانا شمیم کا اصل بیان حلفی برطانیہ سے اسلام آباد ہائیکورٹ کو ارسال کردیا گیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں توہین عدالت کیس کی سماعت چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کی۔ اخبار کے رپورٹر انصار عباسی اور ایڈیٹر عامر غوری عدالت میں پیش ہوئے۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ اصل بیان حلفی کہاں پہنچا؟۔ رانا شمیم نے بتایا کہ 9  دسمبر کو برطانیہ سے اصل بیان حلفی اسلام آباد ہائیکورٹ کو بھیجا گیا ہے، تین روز میں پہنچ جانا چاہیے۔

عدالت کا کہنا تھا کہ کسی کی ذاتی دستاویزات شائع کرنا قانون کے خلاف ورزی ہے، سیکرٹری جنرل پی ایف یو جے ناصر زیدی نے کہا کہ تاریخ بہت تلخ ہے۔ جسٹس اطہرمن اللہ نے ریمارکس دئیے کہ مجھے تاریخ سے کوئی غرض نہیں، یہاں کوئی سیاسی تقریر نہیں سنوں گا۔ خبر کی سُرخی سے یہ تاثر دیا گیا کہ ججز ہدایات لیتے ہیں۔ زیرالتواء اپیلوں پر اس طرح خبر نہیں چھاپی جا سکتی۔
چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دئیے کہ ایسا نہیں ہوسکتا کہ کوئی تین سال بعد آکر عدلیہ پر بات کرے۔ کوئی بے اعتمادی پیدا کرے برداشت نہیں کرینگے۔ یہ میرا اور میرے تمام ججز کا احتساب ہے۔

صحافی انصار عباسی نے کہا مجھے رانا شمیم نے بیان حلفی شائع کرنے سے منع نہیں کیا۔ عدالت نے انصارعباسی کو 20 دسمبر تک جواب الجواب جمع کرانے کی ہدایت کردی۔
اٹارنی جنرل نے عدالت سے استدعا کی کہ رانا شمیم کا اصل بیان حلفی آنے کے بعد فرد جرم کی کارروائی کی جائے۔ کیس کی سماعت 20 دسمبر تک ملتوی کردی۔