Friday, April 26, 2024

توہین عدالت کیس ، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب احمد اویس مستعفیٰ

توہین عدالت کیس ، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب احمد اویس مستعفیٰ
April 11, 2019

لاہور (92 نیوز) توہین عدالت کیس میں ایڈووکیٹ جنرل پنجاب احمد اویس مستعفیٰ ہو گئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہو کر آگاہ کر دیا۔

 جسٹس محمد قاسم خان کی سربراہی میں تین رکنی فل بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ عدالتی حکم پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت، چیف سیکرٹری پنجاب یوسف نسیم کھوکھر عدالت میں پیش ہوئے۔

 بنچ کے سربراہ جسٹس قاسم خان نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ایڈووکیٹ جنرل پنجاب سب سے بڑا لاء افسر ہوتا ہے، اسی لئے اس کی سب سے زیادہ عزت ہوتی ہے۔ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب احمد اویس نے توہین عدالت کی،جس پر انہیں توہین عدالت کا نوٹس دیا۔ عدالتی فیصلہ  تیئیس مارچ کوکیا گیا مگر گیارہ اپریل تک جواب نہیں دیا گیا، کیا یہ سب کچھ آپ کے علم میں ہے؟۔

 اس پر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا وہ  عدلیہ کی عزت کرتے ہیں ان کے علم میں ایسی کوئی بات نہیں۔ انہوں نے بتایا میری بہت سی مصروفیات ہیں اور والد صاحب کی وفات کی وجہ سے بھی اس طرف توجہ نہیں دے پایا۔

 وزیر اعلیٰ پنجاب نے بتایا ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے اپنے استعفے کی پیشکش کر دی ہے، اس کیس میں حکومت نیا وکیل بھیجے گی۔

 عدالت نے کیس کے تمام فریقوں کو آئندہ سماعت تک تحریری جواب داخل کرنے کی ہدایت کر دی۔ عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب احمد اویس کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کا فیصلہ محفوظ کر لیا۔

 وزیر اعلیٰ کی پیشی کے موقع پر عدالت عالیہ میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے،غیر ضروری افراد کا داخلہ بند کر دیا گیا تھا۔

  پیشی کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور  وزیر قانون  لاہور ہائیکورٹ سے واپس روانہ ہو گئے۔