Saturday, May 18, 2024

توہین عدالت کیس: الیکشن کمیشن نے عمران خان کو اظہار وجوہ کا نوٹس دوبارہ جاری کردیا

توہین عدالت کیس: الیکشن کمیشن نے عمران خان کو اظہار وجوہ کا نوٹس دوبارہ جاری کردیا
August 23, 2017

اسلام آباد (92 نیوز) توہین عدالت کیس میں عمران خان کا جواب نہ آیا۔ الیکشن کمیشن نے اظہار وجوہ کا نوٹس دوبارہ جاری کردیا۔ بابر اعوان کہتے ہیں کسی کی مرضی کا قانون اورالیکشن کمیشن نہیں چل سکتا۔ آئین میں ترمیم کرپشن کو لائسنس دینے کے لئے ہے مخالفت کرینگے۔

الیکشن کمیشن میں عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیشن نے کی۔ عمران خان نے توہین عدالت کے نوٹس کا جواب جمع نہیں کرایا۔

ان کے وکیل بابر اعوان نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے تحریری حکم کی کاپی 21 اگست کو ملی۔ وہ اپیل کا حق استعمال کرنا چاہتے ہیں۔ عدالتوں میں چھٹیاں ہیں۔

سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ 13 ستمبر کو کھلیں گی اس پر الیکشن کمیشن نے عمران خان کو توہین عدالت میں اظہار وجوہ کا نوٹس دوبارہ جاری کرتے ہوئے سماعت 14 ستمبر تک ملتوی کردی۔

سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں بابر اعوان کا کہنا تھا کہ حکومت آرٹیکل 62 اور 63 کے خاتمے کے لئے زور لگا رہی ہے۔ ایک آدمی کےلئے آئین میں ترمیم کی کوشش کی گئی تو مزاحمت کرینگے۔

اس موقع پر درخواست اکبر ایس بابر نے کہا کہ عمران خان معافی مانگ لیتے تو معاملہ ختم ہوجاتا۔

اکبر ایس بابر کا یہ بھی کنا تھا کہ اگر مسلم لیگ ن ان سے ملی ہوئی ہوتی توان کی درخواست پر وہ ایف آئی اے سے کیس کی کارروائی کراتی۔ تحریک انصاف کوسعودی عرب سے فنڈنگ کے ثبوت سعودی سفیر کو بھیجے ہیں۔