Tuesday, May 21, 2024

توہین عدالت کیس : آئی جی سندھ سمیت دیگر پولیس افسروں پر فردجرم ٹل گئی

توہین عدالت کیس : آئی جی سندھ سمیت دیگر پولیس افسروں پر فردجرم ٹل گئی
December 15, 2015
کراچی (92نیوز) سندھ ہائیکورٹ نے ایڈووکیٹ جنرل سندھ کی عدم حاضری کے باعث توہین عدالت کیس کے مرتکب آئی جی سندھ اور دیگر پولیس افسران پر فرد جرم ایک بار پھر موخر کر دی۔ عدالت نے 22 دسمبر کو ایڈوکیٹ جنرل سندھ کو طلب کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق توہین عدالت کیس کی سماعت سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس احمد علی ایم شیخ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کی۔ سماعت شروع ہوئی تو آئی جی سندھ اور دیگر پولیس افسران کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ تمام افسران عدالت میں موجود ہیں۔ عدالت نے کہا کہ تمام افسران توہین عدالت کے مرتکب ہیں اس لیے قانون کی نظر میں سب برابر ہیں۔ ایک ایک کر کے سب کی حاضری لگائی جائے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ تمام فریقین کے وکلاءموجود ہیں اس لیے توہین عدالت کے مرتکب تمام افراد پر فرد جرم عائد کی جاتی ہے۔ جس پر اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے جواب دیا کہ حکومت سندھ کی جانب سے اس کیس کی پیروی ایڈووکیٹ جنرل سندھ کر رہے ہیں لہٰذا ان کی عدم موجودگی پر پولیس افسران پر فرد جرم عائد نہ کی جائے۔ عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل سندھ کی عدم موجودگی پر شدید برہمی کا اظہار کیا اوران کو 22 دسمبر کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا۔ آئی جی سندھ اور دیگر پولیس افسران پر عدالتوں کا گھیراو¿ ، صحافیوں پر تشدد اور توہین عدالت کیس میں عدالت کی جانب سے معافی نامے مسترد کر دیے گئے ہیں۔