Thursday, April 25, 2024

توہین عدالت کیس: آئی جی سندھ سمیت 7 پولیس افسران پر فرد جرم عائد

توہین عدالت کیس: آئی جی سندھ سمیت 7 پولیس افسران پر فرد جرم عائد
December 22, 2015
کراچی (92نیوز) کراچی میں عدالتوں کا گھیراو کرنے‘ صحافیوں پر تشدد اور توہین عدالت کے معاملے پر سندھ ہائیکورٹ نے آئی جی غلام حیدر جمالی سمیت 7 پولیس افسران پر فرد جرم عائد کر دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی سمیت سابق ایڈیشنل آئی جی سندھ غلام قادر تھیبو‘ ڈی آئی جی ساوتھ ڈاکٹر جمیل، ڈی آئی جی ویسٹ فیروز شاہ، ڈی آئی جی چوہدری اسد‘ ایس ایس پی ایس ایس یو میجر ریٹائر سلیم، ایس ایس پی ساوتھ فیصل بشیر میمن پر فرد جرم عائد کر دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ 23 مئی 2015ءکو ذوالفقار مرزا کی ہائیکورٹ آمد کے موقع پر نقاب پوش پولیس اہلکاروں کی جانب سے عدالتوں کا گھیراو کیا گیا تھا۔ عدالت کے منع کرنے کے باوجود پولیس باز نہ آئی اور 2 گھنٹے تک محاصرہ کیے رکھا۔ اس موقع پر ملک بھر کے ٹی وی چینلز پر خبریں چلتی رہیں۔ عدالت نے آئی جی کو طلب کیا گیا مگر کوئی بھی پیش نہ ہوا۔ بعدازاں مذکورہ بالا پولیس افسران کیخلاف سندھ ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کی گئی جس کا فیصلہ آج سنا دیا گیاہے۔