Tuesday, May 21, 2024

توہین رسالت قانون میں ترمیم کی افواہوں میں کوئی سچائی نہیں ، نور الحق قادری

توہین رسالت قانون میں ترمیم کی افواہوں میں کوئی سچائی نہیں ، نور الحق قادری
October 13, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا کہ توہین رسالت قانون میں ترمیم کے بارے میں گردش کرنے والی افواہوں میں کوئی سچائی نہیں ۔ بعض سیاست دان یہ افواہیں اڑا رہےہیں۔ اسلام آباد میں نائنٹی ٹو نیوز سے گفتگو میں وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا کہ گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کی روک تھام کے لئے اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم پر گذشتہ حکومت نے الیکٹرانک کرائم ترمیمی بل 2018 سینیٹ میں پیش کیا تھا ۔ اس کی منظوری 29 مئی 2018 کو اس وقت کے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی سربراہی میں کابینہ نے دی تھی۔ وزیر مذہبی امور نے مزید کہا کہ حکومت 295 سی ایکٹ کو اسکی اصل حالت اور روح پر برقرار رکھنے کے لئے پرعزم ہے۔ پی ٹی آئی کے ارکان پارلیمنٹ 295 سی ایکٹ میں ترمیم کی سخت مخالفت کریں گے۔ ترمیمی بل کی منظوری سابقہ حکومت کی کابینہ نے دی تھی اور کابینہ سے ایک بار بل منظور ہونے کے بعد دوبارہ کابینہ میں نہیں آتا۔ نورالحق قادری کا کہنا تھا وفاقی وزیر آئی ٹی خالد مقبول صدیقی  نے بل کی واپسی کیلئے 27 ستمبر کو سینیٹ میں اپنی تحریک جمع کروائی جو ابھی تک زیر التوا ہے۔ اسی طرح  ترمیمی بل کی واپسی کیلئے 11 اکتوبر کو دوبارہ تحریک جمع کروائی جا چکی ہے۔