Thursday, April 25, 2024

توہین رسالت اور دہشتگردی پرکوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا: چودھری نثار

توہین رسالت اور دہشتگردی پرکوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا: چودھری نثار
March 9, 2017
اسلام آباد(92نیوز)حکومت نے گستاخانہ پیجز بند نہ کرنے پر فیس بک اور ٹویٹر کو مستقل بند کرنے کا عندیہ دے دیا ۔ حکومت کا تمام سوشل میڈیا ویب سائٹس کووارننگ جاری کرنےکا بھی فیصلہ، وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کہتے ہیں کہ توہین رسالتﷺ اور دہشتگردی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائےگا۔ تفصیلات کےمطابق وزیر داخلہ چوہدری نثار کی صدارت میں سوشل میڈیا پر توہین رسالتﷺ اور اعلیٰ حکومتی و عدالتی شخصیات کے خلاف گستاخانہ مواد پر جائزہ اجلاس ہوا۔ اجلاس میں چیئرمین پی ٹی اے، سیکرٹری داخلہ، ایڈووکیٹ جنرل اور ایف آئی اے کے اعلی حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں سوشل میڈیا ویب سائٹس پر گستاخانہ اور توہین آفیز مواد کے حوالے سے سخت فیصلے کیے گئے۔ وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ توہین رسالت سے متعلقہ کسی موادکی تشہیرکی اجازت نہیں ہوگی۔ سماجی ویب سائٹس کی انتظامیہ نے تعاون نہ کیا تو انہیں مستقبل طور پر بند کر دیا جائے گا۔ انہوں نے چیئرمین پی ٹی اے کو تمام سوشل میڈیا کو لیٹر جاری کرنے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ انٹرنیٹ پرتوہین آمیزموادپکڑنے کیلئے مقامی سافٹ ویئرضروری ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ کسی بھی مذہب کی دل آزاری ناقابل برداشت ہے،عالمی برادری اس کا ادراک کرے۔ کوئی بھی ریاست مذہبی جذبات کے مجروح ہونے کی اجازت نہیں دے سکتی۔