Sunday, May 12, 2024

توشہ خانہ گاڑیوں کے کیس میں آصف زرداری،نوازشریف،یوسف رضا ملزم نامزد

توشہ خانہ گاڑیوں کے کیس میں آصف زرداری،نوازشریف،یوسف رضا ملزم نامزد
January 19, 2020
اسلام آباد ( 92 نیوز) توشہ خانہ گاڑیوں کے کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری سمیت دوسابق وزرائے اعظم نواز شریف اور یوسف رضا گیلانی کو ملزم نامزد کردیا گیا، نیب ذرائع کے مطابق فروری میں تینوں ملزمان کیخلاف ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کیا جائے ۔ بڑے ملزمان کیخلاف نیب کا ایکشن، سابق صدر آصف علی زرداری، سابق وزیراعظم نواز شریف اور سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی ایک ہی ریفرنس میں ملزم نامزد کردیا۔ چینل 92 نیوز کو ملنے والی تفصیلات کے مطابق 1998 میں وزیراعظم پاکستان کو سعودی حکومت نے لگژری گاڑی تحفے میں دی، 2008  میں پیپلزپارٹی اقتدار میں آئی  تو وہی گاڑی نواز شریف کو صرف 15 فیصد رقم کی ادائیگی پر دے دی گئی اور وہ 6 لاکھ روپے کی ادائیگی بھی جعلی اکاؤنٹ سے کی گئی۔ سال 2008 میں دبئی کے حکمران کی جانب سے بی ایم ڈبلیو اور بلٹ پروف لینڈ کروزر جبکہ لیبیا کے سابق حکمران معمر قذافی نے ایک گاڑی دی جو سابق صدر آصف علی زرداری نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی منظوری کے بعد اپنے پاس رکھ لیں۔ تینوں گاڑیوں کی مالیت 21 کروڑ روپے بنتی تھی، ذرائع کے مطابق ریفرنس کو حتمی شکل دی جارہی ہے جو فروری کے آغاز میں اسلام آباد کی احتساب عدالت میں دائر کیا جائے گا۔