Friday, April 19, 2024

توشہ خانہ میں تحائف کا معاملہ کابینہ میں پہنچ گیا، وزرا کے وزیر اعظم سے سوالات

توشہ خانہ میں تحائف کا معاملہ کابینہ میں پہنچ گیا، وزرا کے وزیر اعظم سے سوالات
September 28, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) توشہ خانہ سے تحائف کی خریداری کا معاملہ وفاقی کابینہ میں پہنچ گیا۔ وزرا نے وزیراعظم سے تحائف سے متعلق سوالات اٹھا دئیے۔

توشہ خانے میں تحائف کا معاملہ وفاقی کابینہ میں بھی پہنچ گیا، جبکہ وزیر اعظم عمران خان کا اس بارے میں کہنا ہے کہ تحائف کے بارے میں میرا موقف سامنے آچکا ہے۔ پہلے صرف تحائف کی مجموعی مالیت کے 15 فیصد پر یہ دے دئیے جاتے تھے لیکن ہم نے اسے بڑھا کر 50 فیصد کردیا ہے۔ اب میں، میرے وزراء یا جو بھی توشہ خانے سے سرکاری تحفہ لینا چاہے تو اسے 50  فیصد رقم جمع کروانی ہو گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ اجلاس میں وفاقی وزرا نے بھی وزیراعظم سے بیرون ممالک سے ملنے والے تحائف سے متعلق پوچھ لیا، اجلاس کے دوران وفاقی وزیر شفقت محمود نے کہا کہ وزیراعظم صاحب میڈیا پر توشہ خانے سے متعلق آپ کے بارے میں باتیں ہورہی ہیں، ہمیں حقیقت سے آگاہ کیا جائے۔

شیریں مزاری نے بھی کہا کہ دنیا کے دیگر ممالک کے سربراہان بھی ملنے والے تحائف کی تفصیلات بتاتے ہیں، ہمیں بھی یہ تفصیلات بتانی چاہیے۔ مراد سعید نے تحائف کی تفصیلات بتانے کی تجویز سے اختلاف کرتے ہوئے کہا کہ اس سے دوست ممالک ناراض ہوں گے۔