Sunday, May 12, 2024

توشہ خانہ ریفرنس ، نیب کی نواز شریف کی جائیداد نیلامی کی درخواست پر فیصلے کی استدعا

توشہ خانہ ریفرنس ، نیب کی نواز شریف کی جائیداد نیلامی کی درخواست پر فیصلے کی استدعا
April 22, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) توشہ خانہ ریفرنس میں نیب نے نواز شریف کی جائیداد نیلامی کی درخواست پر فیصلے کی استدعا کر دی۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج سید اصغر علی نے توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت کی۔ سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی پیش نہ ہوئے اور عدالت حاضری سے استثنا کی درخواست دائر کی۔

ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سردار مظفر عباسی کی سربراہی میں نیب کی پراسیکیوشن ٹیم عدالت میں پیش ہوئی اور اشتہاری ملزم نواز شریف کی جائیداد نیلامی کی درخواست پر فیصلے کی استدعا کی جس پر جج نے ریمارکس دیے کہ جن جائیدادوں پر اعتراض نہیں آیا ان کی فروخت کا آرڈر دے دیں گے۔

احتساب عدالت نے نواز شریف کو توشہ خانہ ریفرنس میں 17 اگست 2020 کو اشتہاری قرار دیا جبکہ یکم اکتوبر کو جائیداد ضبطگی کے احکامات جاری کیے۔ نیب نے درخواست دی ہے کہ جائیداد ضبطگی کے احکامات کو بھی چھ ماہ سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے اور نواز شریف نے ابھی تک جان بوجھ کر عدالت کے سامنے سرینڈر نہیں کیا لہذا قانون کے مطابق مجاز اداروں کو ضبط کی گئی جائیداد کی نیلامی کے احکامات جاری کیے جائیں۔