Friday, March 29, 2024

توشہ خانہ ریفرنس، نوازشریف کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

توشہ خانہ ریفرنس، نوازشریف کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری
May 29, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں عدم حاضری پر سابق وزیراعظم نوازشریف کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے، سابق صدر آصف زرداری کی حاضری سے استشنی کی درخواست منظور کرلی گئی۔ نیب کی سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور عبدالغنی مجید کو گرفتار کرنے کی استدعا مسترد کردی گئی۔ جعلی بینک اکائونٹس کیس میں توشہ خانہ ریفرنس میں دو سابق وزرائے اعظم نوازشریف، یوسف رضا گیلانی اور سابق صدر آصف زرداری سمیت ملزمان پر توشہ خانہ سے حاصل کی گئی گاڑیوں کی رقم جعلی بنک اکائونٹس سے کرنے کا الزام عائد ہے۔ احتساب عدالت کے جج اصغر علی نے سماعت کی اور نیب پراسیکیوٹر نے ملزمان کے سمن کی تعمیلی رپورٹ پیش کی۔ پیش ملزمان کو گرفتار اور غیر حاضر کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی استدعا کردی۔ فاضل جج نے آصف زرداری کے سمن کی تعمیل چوکیدار سے کروانے بارے استفسار کیا۔ نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر نے دلائل دئیے کہ ضابطہ فوجداری کے قوانین کے مطابق ملزم کے ملازم سے سمن کی تعمیل کروائی جاسکتی ہے۔ وکلاء صفائی نے آگاہ کیا کہ ملزم انور مجید اور آصف زرداری زیر علاج ہیں، انہیں سفر کرنے کی اجازت نہیں۔ یوسف رضا گیلانی اور عبدالغنی مجید عدالت میں حاضر ہیں۔ سابق صدر کے وکیل نے موکل کی حاضری سے استثنی کی درخواست اور میڈیکل رپورٹ پیش کی تو نیب پراسیکیوٹر نے اعتراض عائد کردیا، جس پر وکیل صفائی بولے کہ نیب نے رپورٹ دیکھے بغیر ہی اعتراض کردیا۔ عدالت نے نوازشریف بارے استفسار کیا تو نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ انکی طرف سے کوئی بھی پیش نہیں ہوا، عدالت نے تمام ملزمان کو آئندہ سماعت گیارہ جون کو حاضری یقینی بنانے کا حکم دیدیا۔ پیپلزپارٹی کے رہنماء یوسف رضا گیلانی نے میڈیا سے گفتگو میں ریفرنس کو بے بنیاد قرار دے دیا۔ کیس کی سماعت کے دوران کمرہ عدالت وکلاء سے بھرگیا تو عدالت نے کورونا وائرس کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کرتے ہوئے صرف سنئیر وکلاء کو اندر بیٹھنے کی اجازت دی۔