Friday, April 26, 2024

توشہ خانہ ریفرنس، نوازشریف، زرداری اور گیلانی کو احتساب عدالت نے طلب کرلیا

توشہ خانہ ریفرنس، نوازشریف، زرداری اور گیلانی کو احتساب عدالت نے طلب کرلیا
May 15, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) توشہ خانہ ریفرنس میں نوازشریف، زرداری اور گیلانی کو احتساب عدالت نے 29 مئی کو طلب کرلیا۔ توشہ خانہ ریفرنس میں 2 سابق وزرائے اعظم اور ایک سابق صدر احتساب عدالت میں پیش ہونے جا رہے ہیں۔ زرداری، نواز اورگیلانی ایک ساتھ 3 بڑی پیشیاں ہوں گی۔ احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں 2 سابق وزرائے اعظم اور ایک سابق صدر کو 29 مئی کو طلب کرلیا۔ جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت ڈیوٹی جج محمد بشیر نے کی۔ نیب نے ریفرنس میں الزام عائد کیا کہ نوازشریف اور آصف علی زرداری نے یوسف رضا گیلانی سے غیرقانونی طور پرگاڑیاں حاصل کیں۔ آصف علی زرداری نے گاڑیوں کی صرف 15 فیصد ادائیگی جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے ادا کی۔ انہوں نے لیبیا اورمتحدہ امارات سے تحفے میں ملنے والی گاڑیاں توشہ خانہ میں جمع بھی نہیں کرائیں۔ نیب کے مطابق نواز شریف 2008 میں کسی بھی عہدے پر نہیں تھے۔ انہیں بغیر درخواست دیئے توشہ خانہ سے گاڑی دی گئیں۔ گاڑیوں کی ادائیگی عبدالغنی مجید نے جعلی بینک اکاؤنٹس سے کی۔ ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ انور مجید نے انصاری شوگر ملز کے اکاؤنٹس کا استعمال کر کے 2 کروڑ سے زائد کی غیر قانونی ٹرانزیکشنز کیں۔ انور مجید نے آصف علی زرداری کے اکاؤنٹس میں بھی 9.2 ملین روپے ٹرانسفر کیے۔