Saturday, April 20, 2024

توشہ خانہ ریفرنس میں نیب کے دو گواہوں کے بیانات قلمبند

توشہ خانہ ریفرنس میں نیب کے دو گواہوں کے بیانات قلمبند
September 24, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) توشہ خانہ ریفرنس میں نیب کے 2 گواہوں کے بیانات قلمبند ہوگئے، احتساب عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری کی ایک دن کےلیے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی۔ یوسف رضا گیلانی کے وکیل کی جانب سے مستقل استثنیٰ اور کیس کی تاریخ آگے بڑھانے کی استدعا پرجج نے ریمارکس دیے کہ مستقل استثنیٰ دے دیا جائے تو ملزم کا وکیل بھی غائب ہو جاتا ہے ،کسی کے کہنے پر کیس ڈے ٹو ڈے نہیں چلایا جائے گا ۔

سابق صدر آصف علی زرداری، سابق وزرائے اعظم نوازشریف اوریوسف رضا گیلانی کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت نمبر 3 کے جج اصغرعلی نے  کی ۔ یوسف رضا گیلانی پیش ہوئے،دوران سماعت فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ گواہوں کا بیان ریکارڈ کرا لیں،جرح آئندہ سماعت پر کریں گے،تعاون کے ساتھ کیس چلے گا۔

نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ پہلے ایک گواہ کا بیان ریکارڈ کریں اور جرح کریں تاکہ ہم اگلا گواہ پیش کریں، ہم اپنے گواہوں کو کیوں شو کریں،کل کو یہ کہیں گے کہ سارے گواہوں کا بیان ریکارڈ کرا لیں جرح بعد میں کر لیں گے،کیس کو ڈے ٹو ڈے چلایا جائے۔

جج نے ریمارکس دیئے کہ کسی  کے کہنے پرکیس کو ڈے ٹو ڈے نہیں چالایا جائے گا ،آپ اپنا گواہ پیش کریں تاکہ کارروائی بڑھائی جائے ،نیب کے پہلے گواہ عمران اشرف نے بتایا کہ انہوں نے الیکشن کمیشن میں بطور ڈپٹی ڈائریکٹر  کونفیڈینشل خدمات سرانجام دی ،آصف علی زرداری کی تمام اصلی دستاویزات کی کاپیاں تفتیشی افسر کو فراہم کیں،وائٹ سیزر میمو تیار کیا گیا تھا،وکلا صفائی نے گواہ کو نہ بولنے دینے پراعتراض کیا جسے عدالت نے کارروائی کا حصہ بنا دیا۔

دوسرے گواہ وقارالحسن شاہ نے بیان دیا کہ وہ اسسٹنٹ ڈائریکٹرایکسائزاینڈ ٹیکسیشن افسر کے طور پر خدمات سر انجام دی،3 گاڑیاں آصف علی زرداری کے نام پر رجسٹرڈ ہیں،گواہوں کے بیانات قلمبند ہونے کے بعد یوسف رضا گیلانی کے وکیل نے اپنے موکل کےلیے مستقل استثنیٰ کی درخواست پرفیصلہ کرنے کی استدعا کی۔۔جس پر جج نے کہا کہ فی  الحال فیصلہ نہیں کرسکتے،اگر یوسف رضا گیلانی آئندہ سماعت پر دستیاب نہ ہوئے تو حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دے دیں،عدالت نے سماعت یکم اکتوبرتک ملتوی کردی۔