Saturday, April 20, 2024

توشہ خانہ ریفرنس میں نواز شریف اشتہاری قرار،زرداری اور گیلانی پر فرد جرم عائد

توشہ خانہ ریفرنس میں نواز شریف اشتہاری قرار،زرداری اور گیلانی پر فرد جرم عائد
September 9, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) توشہ خانہ ریفرنس میں آصف علی زرداری اور یوسف رضا گیلانی پر فرد جرم عائد کر دی گئی جب کہ نوازشریف کو اشتہاری قرار دے دیا گیا ۔ احتساب عدالت نے نوازشریف کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے جائیدادوں کی تفصیلات طلب کرلیں،ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا ۔ سابق صدر آصف علی زرداری کہتے ہیں پہلے بھی سرخرو ہوتے رہے اب بھی ہوں گے، یوسف رضا گیلانی نے کہا قانون کے مطابق جو سمری آئی اسے منظور کیا۔

توشہ خانہ ریفرنسز کی سماعت احتساب عدالت کے جج سید اصغر علی نے کی، فاروق ایچ نائیک سے مکالمہ کیا کہ آپ نے چارج شیٹ پڑھنی ہے تو پڑھ لیں، وکیل صفائی نے کہا کہ وزیراعظم کے پاس اختیار ہوتا ہے کہ سمری کی منظوری دے، نیب نے اختیارات کے غلط استعمال کا غلط ریفرنس بنایا ۔

عدالت کی جانب سے فرد جرم عائد کئے جانے کے بعد سابق صدر آصف علی زرداری،  یوسف رضا گیلانی عبدالغنی مجید، انور مجید نے صحت جرم سے انکار کیا۔

دوران سماعت یوسف رضا گیلانی خود روسٹرم پر آئے اور فرد جرم پر اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ میں نے کبھی رولز کے خلاف کوئی کام نہیں کیا، قانون کے مطابق جو سمری آئی اسے منظور کیا، اگر سمری غلط ہوتی تو سمری موو ہی نہ ہوتی جس پر جج نے ریمارکس دئیے کہ قانون کے مطابق کارروائی آگے بڑھانی ہے، ہم ابھی کیس کے میرٹس پر بات نہیں کر رہے کہ سمری کیسے آئی اور منظور ہوئی۔

عدالت نے بار بار عدم پیشی پر سابق وزیراعظم نواز شریف کو اشتہاری قرار دے دیا اور  ان کے دائمی وارنٹ گرفتاری بھی جاری کردئیے، 7 روز میں نواز شریف کی منقولہ و غیر منقولہ جائیداد کی تفصیلات بھی طلب کرلی ، قرار دیا کہ عدم پیشی پر جائیدادیں منجمد کی جائیں گی۔

عدالت نے نیب گواہان وقار الحسن شاہ، زبیر صدیقی اور عمران ظفر کو 24 ستمبر کو طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔