Friday, May 17, 2024

توشہ خانہ ریفرنس، آصف زرداری کی بریت کے معاملے پر نیب کا تحریری جواب سامنے آگیا

توشہ خانہ ریفرنس، آصف زرداری کی بریت کے معاملے پر نیب کا تحریری جواب سامنے آگیا
October 30, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) سابق صدر آصف زرداری کی توشہ خانہ ریفرنس میں بریت کے معاملے پر نیب کا احتساب عدالت میں پیش تحریری جواب سامنے آ گیا۔

احتساب عدالت اسلام آباد میں نیب نے اپنے تحریری جواب میں کہا کہ آصف زرداری کی درخواست حقائق پر مبنی نہیں ۔ نیب کے پاس آصف زرداری کیخلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں ۔ آصف زرداری کیخلاف تحقیقات قانون کے مطابق کی گئی۔ کیس میں کوئی بددیانتی شامل نہیں۔

تحریری جواب میں کہا گیا کہ سابق صدر کرپشن اور منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں ۔ ملزم ٹرائل کو لٹکانے کیلئے تاخیری حربے استعمال کر رہا ہے۔ ریفرنس میں 22 گواہان کے بیانات قلمبند ہو چکے ہیں۔ احتساب عدالت آصف زرداری کی درخواست بریت مسترد کرے۔

دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ نے آصف زرداری پر فرد جرم روکنے کا تحریری حکم نامہ جاری کیا ہے جس کے مطابق آصف زرداری نے ٹرائل کورٹ کا بریت کی درخواست مسترد کرنے کا فیصلہ چیلنج کیا ۔ وکیل کے مطابق نیب الزامات درست نہیں ۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے آصف زرداری کی درخواست پر چئیرمین نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ۔ عدالت نے حکم امتناع بھی جاری کیا۔