Friday, May 17, 2024

توشہ خانہ ریفرنس ، آصف زرداری، یوسف رضا گیلانی سمیت ملزموں پرفرد جرم کا فیصلہ

توشہ خانہ ریفرنس ، آصف زرداری، یوسف رضا گیلانی سمیت ملزموں پرفرد جرم کا فیصلہ
August 17, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) توشہ خانہ ریفرنس میں  آصف زرداری  ،یوسف رضاگیلانی سمیت ملزمان پر9ستمبرکوفردجرم کافیصلہ کرلیا گیا۔ توشہ خانہ ریفرنس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف بھی عدالتی کارروائی کا حصہ بن گئے۔

احتساب عدالت کے جج اصغر علی نے توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت کی ، فاروق ایچ نائیک نے اپنے موکل آصف علی زراری کی حاضری سے استثنٰی کی درخواست بارے دریافت کیا تو جج نے انہیں ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی ہدایت کردی ، جس پر آصف علی زرداری عدالت پیش ہوئے۔انہوں نے کورونا سے بچاؤکے لیے فیس شیٹ اوراین 95 ماسک پہنا ہوا تھا ۔

گزشتہ سال 12 دسمبر کو رہائی کے بعد آصف زرداری پہلی دفعہ احتساب عدالت پیش ہوئے ہیں ۔ دوران سماعت آصف علی زرداری نے روسٹرم پر آکر حاضری لگائی اور دستخط کیے ۔ نیب ڈپٹی پراسیکیوٹر سردار مظفر نے ریفرنس کی کارروائی آگے بڑھانے کا کہا تو نواز شریف کے وکیل بیرسٹر جہانگیر جدون نے سماعت ملتوی کرنے کی درخواست دائر کردی ۔

موقف اپنایا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں احتساب عدالت کی کارروائی کو چیلنج کیا ہے جس کے فیصلے کا انتظار کیا جائے ۔

عدالت نے نوازشریف کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی 25 اگست تک روک دی ، تاہم  آصف زرداری سمیت دیگر ملزمان کے حوالے سے کیس کی سماعت جاری رکھی۔

دوران سماعت نیب پراسیکیوٹر اور ملزمان کے وکلاء نے سکیورٹی انتظامات کے باعث پیشی میں حائل رکاوٹوں کا تذکرہ بھی کیا ، جج اصغر علی نے ریمارکس دیے کہ مجھے پولیس چیک پوسٹ پر روکا گیا ، یوٹرن لے کر دوسرے راستے سے عدالت پہنچا ، چھ جگہوں پر تو ناکے لگائے ہوہے تھے ، معاملے کو انتظامیہ کے سامنے رکھا جائیگا ۔

عدالت نے آصف علی زرداری، یوسف رضا گیلانی، عبدالغنی مجید اور انور مجید سمیت ملزمان پر 9 ستمبر کو فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا، تاہم، نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے یا ٹرائل میں شامل کرکے فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ 25 اگست کو ہوگا۔

عدالت نے ملزمان کو حاضری یقینی بنانے کیلئے 20،20 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے داخل کرانے کا بھی حکم  دے دیا۔