Wednesday, April 24, 2024

توانائی منصوبوں پر بات چیت کیلئے دس رکنی چینی وفد کی لاہور آمد، سیکرٹری توانائی ڈاکٹر اسد گیلانی کی منصوبوں پر بریفنگ

توانائی منصوبوں پر بات چیت کیلئے دس رکنی چینی وفد کی لاہور آمد، سیکرٹری توانائی ڈاکٹر اسد گیلانی کی منصوبوں پر بریفنگ
May 30, 2015
لاہور (92نیوز) پاکستان میں توانائی منصوبوں پر بات چیت کیلئے دس رکنی چینی سکالرز کا وفد لاہور پہنچ گیا ہے۔ اس سلسلے میں ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکرٹری توانائی ڈاکٹراسد گیلانی نے چائنیز وفد کو پنجاب میں جاری انرجی کے پراجیکٹس کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ سیکرٹری توانائی ڈاکٹر اسدگیلانی نے اس موقع پر بتایا کہ چائنہ اور پنجاب مل کر کوئلے سے 3960میگاواٹ بجلی کے منصوبوں پر کام کر رہے ہیں۔ قائداعظم سولرپارک میں اگلے سال کے اختتام تک 1000میگاواٹ بجلی پیدا کرلیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آر ایل این جی کے ذریعے 1200میگاواٹ کے منصوبے پر شیخوپورہ میں کام کر رہے ہیں، حکومت پنجاب انرجی سیکٹر میں بین الاقوامی سرمایہ کاری کومکمل تحفظ فراہم کررہی ہے۔ انہوں نے کہا پنجاب میں چھوٹے ہائیڈل منصوبوں سے 475میگاواٹ بجلی پیدا کی جاسکتی ہے۔ اس موقع پر مہمان چینی ماہرین نے پنجاب کے انرجی سیکٹر میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی کااظہار کیا۔ چینی وفد کے سربراہ نے کہا کہ توانائی بحران کے خاتمے کیلئے حکومت پنجاب کی کاوشیں قابل تعریف ہیں۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری توانائی خالد اویس رانجھا، ممبر انرجی پی اینڈ ڈی آغا وقار، پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔