Sunday, September 8, 2024

توانائی بحران کے خاتمے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، توانائی منصوبے دو ہزار اٹھارہ تک مکمل ہو جائینگے: شہباز شریف

توانائی بحران کے خاتمے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، توانائی منصوبے دو ہزار اٹھارہ تک مکمل ہو جائینگے: شہباز شریف
March 19, 2016
لاہور (نائنٹی ٹو نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب نے زراعت کی ترقی کے لیے آئندہ دو برسوں کے لیے مزید دو ارب روپے دینے کا اعلان کر دیا۔ شہباز شریف کہتے ہیں حکومت توانائی بحران کے خاتمے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ بجلی پیدا کرنے کے منصوبے دو ہزار اٹھارہ تک مکمل ہو جائیں گے۔ پنجاب ایگریکلچر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ہم زراعت کی ترقی میں بہت پیچھے رہ گئے ہیں۔ ماضی میں باسمتی چاول میں صرف پاکستان کی مناپلی ہوتی تھی لیکن آج دیگر ممالک ہمیں چیلنج کر رہے ہیں۔ پاکستان دودھ پیدا کرنے والا پانچواں بڑا ملک ہے لیکن دودھ کی پراسیسنگ میں صرف پانچ جبکہ ہندوستان پچیس فیصد تک چلا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ کاشتکار دن رات محنت کرتا ہے لیکن فی ایکڑ فصل بڑھانے کے لیے کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے گئے۔ پھول تک پاکستان میں آسٹریلیا اور ہالینڈ سے درآمد ہوتے ہیں۔ پاکستان میں چین چھیالیس ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہا ہے جس میں سے چھتیس ارب ڈالر کے بجلی کے منصوبے ہیں۔ اس سے پہلے وزیراعلیٰ شہباز شریف نے پاک چائنا بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بجلی کے بڑے منصوبے اور اورنج لائن میٹرو ٹرین چین کی سرمایہ کاری سے بنائے جا رہے ہیں جن کے ثمرات دنیا جلد دیکھے گی۔