Friday, April 26, 2024

قومی خزانے کی رقم کو قوم کی امانت سمجھا، آئندہ نسلیں پوچھیں گی لوڈشیڈنگ کسے کہتے ہیں: وزیراعظم نوازشریف

قومی خزانے کی رقم کو قوم کی امانت سمجھا، آئندہ نسلیں پوچھیں گی لوڈشیڈنگ کسے کہتے ہیں: وزیراعظم نوازشریف
October 21, 2015
واشنگٹن (ویب ڈیسک) وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ توانائی بحران کا خاتمہ ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔ کہتے ہیں حکومت کی آئینی مدت مکمل ہونے سے پہلے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہو جائیگا اور پاکستان پہلے سے زیادہ روشن ہو گا۔ وزیراعظم نے واشنگٹن میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کے دوران کہا کہ ایٹمی دھماکوں کے باوجود انیس سو ننانوے میں پاکستانی معیشت سنبھل گئی تھی، اب بہتر اقتصادی پالیسیوں سے غربت میں کمی آئی ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا توانائی کے منصوبوں پر شفاف طریقے سے رقم خرچ کر رہے ہیں۔ ترانوے ارب میں لگنے والا منصوبہ پچپن ارب میں لگایا۔ چاہتے توایک سو بیس ارب روپے کمیشن کے طور پر جیبوں میں ڈال سکتے تھے لیکن قومی خزانے کی رقم کو قوم کی امانت سمجھا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا توانائی بحران پرخود چین سے بیٹھے نہ  کسی کو بیٹھنے دیا۔ ایل این جی کے تین بڑے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ توانائی کے تمام منصوبے دو ہزار اٹھارہ تک مکمل ہو جائیں گے اور آئندہ نسلیں پوچھیں گی لوڈشیڈنگ کسے کہتے ہیں۔ وزیراعظم نوازشریف نے اسحاق ڈار کی تعریف کرتے ہوئے کہا معیشت کے اعدادوشمار انہیں انگلیوں پر یاد ہیں اور اسحاق ڈار سے کہا ڈار صاحب! غلط اعدادوشمار بتاؤں تو ٹوک دینا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بجٹ خسارہ پانچ اعشاریہ تین فیصد رہ گیا ہے۔ لاہور سے کراچی موٹروے کی بنیاد چند ہفتوں میں رکھ دی جائے گی۔ ہزارہ موٹروے پر کام اگلے سال مکمل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا اقتصادی راہداری منصوبہ بہت اہمیت کا حامل ہے۔ گوادر کو فری پورٹ کا درجہ ملے گا۔ وزیراعظم نے امریکا میں مقیم پاکستانیوں کو منصوبے لگانے کی دعوت بھی دی۔