Wednesday, May 8, 2024

تنظیمات اہلسنت پاکستان نے آزادی مارچ کی مخالفت کر دی

تنظیمات اہلسنت پاکستان نے آزادی مارچ کی مخالفت کر دی
October 22, 2019
 لاہور (92 نیوز) تنظیمات اہلسنت پاکستان نے آزادی مارچ کی مخالفت کر دی اور مولانا فضل الرحمن کے آزادی مارچ کو ملکی سلامتی کے خلاف قدم قرار دے دیا۔ تنظیمات اہل سنت کے تحت 25 اہل سنت جماعتوں، ہزاروں مدارس اور مساجد نے مولانا فضل الرحمن کے آزادی مارچ سے لا تعلقی کا اعلان کر دیا ۔ تنظیمات اہل سنت پاکستان نے پریس کانفرنس میں واضح کر دیا کہ اہل سنت و جماعت کی مساجد، خانقاہیں اور مدارس آزادی مارچ کا قطعا حصہ نہیں جبکہ اہل سنت و جماعت کے کارکنان اور طلباء کسی دھرنے میں شریک نہیں ہوں گے ۔ تنظیمات اہل سنت نے کہا ہے مولانا فضل الرحمن پاکستان کی سلامتی کی قیمت پر آزادی مارچ نہ کریں ۔ آزادی مارچ کے باعث ملک میں داخلی انتشار اور فرقہ واریت کا خدشہ ہے ۔ ربیع الاول کی آمد آمد ہے ، ایسے میں آزادی مارچ کا انعقاد سمجھ سے بالا ہے ۔ تنظیمات اہل سنت نے وزیراعظم کے مدارس ریفارمز پر تحفظات دور کرنے کے اعلان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا تنظیم المدارس ایکشن کمیٹی، مدارس اہل سنت ایکشن کمیٹی اور تنظیم المساجد پاکستان قطعا آزادی مارچ کا حصہ نہیں ہوں گے ۔ 26 اکتوبر کو صبح 11 بجے جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں استحکام پاکستان کنونشن ہو گا جبکہ 27 اکتوبر کو کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کریں گے ۔