Friday, April 26, 2024

تمام مسلح گروپوں کو ہتھیار پھینک کر سیاسی عمل کا حصہ بننا ہو گا: افغان صدر

تمام مسلح گروپوں کو ہتھیار پھینک کر سیاسی عمل کا حصہ بننا ہو گا: افغان صدر
December 9, 2015
اسلام آباد (92نیوز) افغان صدر اشرف غنی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت نقصان اٹھا لیا‘ دنیا مزید تعاون کرے۔ تفصیلات کے مطابق ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں خطاب کے دوران انہوں نے افغان مہاجرین کو پناہ دینے پر حکومت پاکستا ن کاشکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ خطے کے ممالک اقتصادی ترقی پر زور دیں۔ بہت نقصان اٹھا چکے‘ اب تمام ممالک کو ایک پیچ پر آناہوگا۔ افغان صدر نے کہا کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں۔ ایسے لائحہ عمل کی ضرورت ہے جس سے دہشت گردوں کے معاونین اور سہولت کاروں کا سراغ مل سکے۔ افغان صدر نے گیس پائپ لائن منصوبے پر بھی ترکمانستان کی حکومت کا شکریہ ادا کیااور واضح کیا کہ افغانستان قدرتی وسائل سے فائدہ اٹھانے کے لئے تمام ممالک سے تعاون چاہتا ہے۔ اشرف غنی نے اپنے خطاب کے دوران بھارت سے تعلقات کا ذکر کیا جبکہ اندرونی مسائل حل کرنے کےلئے خطے کے ممالک سے مزید تعاون مانگا۔ قبل ازیں اشرف غنی ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت کے لئے اسلام آباد پہنچے تو نور خان ایئر بیس چکلالہ پر وزیرا عظم نواز شریف‘ وزیر دفاع ، مشیر خارجہ سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے انکا استقبال کیا۔ اس موقع پر وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر سیفران عبدالقادر، طارق فاطمی، قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ناصر جنجوعہ اور مسلح افواج کے سربراہان بھی وزیراعظم نواز شریف کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر افغان صدر اشرف غنی کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا جبکہ دونوں ممالک کے قومی ترانوں کی دھنیں بھی بجائی گئیں۔