Friday, May 17, 2024

تمام شہروں کی یکساں ترقی عزم،ترقیاتی منصوبوں کی مانیٹرنگ کرونگا، وزیر اعلیٰ پنجاب

تمام شہروں کی یکساں ترقی عزم،ترقیاتی منصوبوں کی مانیٹرنگ کرونگا، وزیر اعلیٰ پنجاب
March 26, 2021

لاہور ( 92 نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ صوبے کے تمام شہروں کی یکساں ترقی ان کا مشن ہے جب کہ ترقیاتی منصوبوں کی وہ خود مانیٹرنگ کریں گے ۔

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے مسلم لیگ ن کے رکن صوبائی اسمبلی  اشرف انصاری  اور یونس انصاری نے ملاقات کی جب کہ ملاقات میں  طاہر بشیر چیمہ بھی موجود تھے ۔ اشرف انصاری اور یونس انصاری نے شہر گوجرانوالہ کیلئے اربوں روپے کے ترقیاتی پیکیج  پر وزیر اعلیٰ کو خراج تحسین پیش کی ۔

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے مسلم لیگ ن کے رکن صوبائی اسمبلی سے  گفتگو میں کہا کہ تمام شہروں کی یکساں ترقی  ان کا مشن ہے جب کہ  ترقیاتی منصوبوں کی  وہ خود مانیٹرنگ کریں گے  ، خدمت کے جذبے سے کام کر رہے ہیں ، عوام کے مسائل کے حل کیلئے دروازے 24 گھنٹے کھلے ہیں ۔

اس موقع پر مسلم لیگ ن کے رکن صوبائی اسمبلی اشرف انصاری نے وزیر اعلیٰ سے کہا کہ آپ نے یونیورسٹی کے قیام کا اعلان کر کے گوجرانوالہ کے لوگوں کے دل جیت لئے ، آپ کی قیادت میں گوجرانوالہ ترقی کرے گا اور عوام کے مسائل حل ہوں گے ،، شہر کی صفائی کے لئے جی ڈبلیو ایم سی کو 106گاڑیاں فراہم کرنا قابل تحسین ہے۔ ماضی میں گوجرانوالہ کی صفائی اور دیگر بنیادی مسائل کو بری طرح نظر انداز کیا گیا۔

اشرف انصاری کا کہنا تھا کہ  گوجرانوالہ کو لاہور سیالکوٹ موٹروے سے منسلک کرنے سے عوام کا دیرینہ مسئلہ حل ہوگا، ہمیں آپ کی قیادت پر بھرپور اعتماد ہے۔