Friday, April 26, 2024

تفتان میں طوفانی ہواؤں نے قرنطینہ سینٹر کے خیمے اکھاڑ دیے ‏

تفتان میں طوفانی ہواؤں نے قرنطینہ سینٹر کے خیمے اکھاڑ دیے ‏
March 23, 2020

کوئٹہ ( 92 نیوز ) تفتان میں طوفانی ہواؤں نے  قرنطینہ سنٹر کیلئے کئے گئے اقدامات کا پول کھول دیا ، تیز ہواؤں سے قرنطینہ سنٹر کے خیمے تتربتر کر دیے ۔

قرنطینہ میں مقیم افراد نے ناقص انتظامات پر بلوچستان حکومت کو کھری کھری سنا دیں ، کہا کہ 11 روز سے یہاں پھنسے ہوئے ہیں ، لوگ صرف پرچی پر پرچی بنا رہے  اس کے علاوہ کوئی انتظامات موجود ہیں نہ ہی انتظامیہ ، وزیر اعلیٰ صاحب یہاں آکر دس منٹ  گزاریں سب پتہ چل جائے گا۔

کورونا وائر س کے خطرات نے جہاں پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے وہیں بلوچستان میں حکومتی اقدامات بھی جاری ہیں تاہم ان اقدامات کا پول اس وقت کھل گیا جب تفتان میں قائم قرنطینہ سینٹر کے خیمے آندھی اور طوفانی ہواؤں نے اکھاڑ دیئے ۔

گزشتہ روز چلنے والی تیز ہواؤں کے نتیجے میں قرنطینہ سینٹر میں قائم تمام خیمے ہوا کی نظر ہو گئے جس سے سینٹر میں موجودبلوچستان کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

سرحدی شہر تفتان جو پہلے ہی کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے حوالے سے تنقید کی زد میں ہے وہیں ایسے اقدامات بلوچستان کے لوگوں کے لئے مزید خطرات کا باعث بن رہے ہیں ۔