Wednesday, April 24, 2024

تفتان بارڈر کو مس مینجمنٹ کیا گیا ، قمر زمان کائرہ

تفتان بارڈر کو مس مینجمنٹ کیا گیا ، قمر زمان کائرہ
March 18, 2020
لاہور (92 نیوز) پیپلزپارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا تفتان بارڈر کو مس مینجمنٹ کیا گیا۔ حکومت نے جو نالائقی کرنی تھی کر لی۔ قمر زمان کائرہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو کورونا کے حوالے سے باقاعدہ آگاہی مہم چلانا چاہئے تھی۔ لگتا ہے پنجاب حکومت لوگوں سے پہلے قرنطینہ میں چلی گئی ہے۔ فیکٹریاں، کارخانے اور بازار بند ہورہے ہیں۔ ہم تو پہلے ہی غریب لوگ ہیں، اگر مارکیٹیں بند ہوں گی تو اس کا کوئی متبادل بھی سوچنا چاہئے۔ قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا سندھ حکومت کی ساری دنیا تعریف کر رہی ہے۔ وزیراعظم نے سندھ حکومت کی تعریف میں ایک لفظ کہنا گوارہ نہیں کیا۔ ہم وزیراعظم سے کہتے ہیں پنجاب کے لیے وزیراعلیٰ سندھ کی خدمات مستعار لے لیں۔ انہوں نے کہا میں پیپلزپارٹی کے کارکنوں کو ہدایت دیتا ہوں کہ تمام کارکن کورونا کے حوالے سے آگاہی مہم کا حصہ بنیں۔ پیپلزپارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ بولے کل ہمیں توقع تھی وزیراعظم عوام کے ریلیف کے لیے کوئی اعلان کریں گے۔ وزیراعظم نے کل انٹرسٹ ریٹ کم کرکے حاتم طائی کی قبر پر لات مار دی۔ دنیا بھر میں انٹرسٹ ریٹ زیرو کی طرف جارہا ہے جبکہ ہماری حکومت نے زیرو اعشاریہ 75 پوائٹس کم کیا۔ حکومت اس وقت کسی انسانی المیے کو جنم نہ دے۔ حکومت لوگوں کے گھروں میں راشن فراہم کرنے کے اقدامات کرے۔ لوگوں کو صرف گھروں میں بند کرنا ضروری نہیں، راشن دینا بھی ضروری ہے۔ ہم پھر کہہ رہے ہیں کہ پیپلزپارٹی اس ایشو پر ضرور سیاست کرے گی۔ قمرزمان کائرہ بولے ہم قوم کے مفاد میں مثبت سیاست کریں گے۔ سیاست عوامی مسائل کے حل کا نام ہے۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ پنجاب حکومت متاثرین کا ڈیٹا ہم سے شیئر کرے۔ اس طرح ہم حکومت کو بہتر تجاویز دے سکیں گے۔