Saturday, May 11, 2024

تعلیمی، سیاحتی شعبے اور ریسٹورنٹس چوبیس مئی سے سات جون تک بتدریج کھولنے کا فیصلہ

تعلیمی، سیاحتی شعبے اور ریسٹورنٹس چوبیس مئی سے سات جون تک بتدریج کھولنے کا فیصلہ
May 19, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) تعلیمی، سیاحتی شعبے اور ریسٹورنٹس چوبیس مئی سے سات جون تک بتدریج کھولنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

این سی او سی کے اجلاس میں بڑے فیصلے کر لیئے گئے۔ 24 مئی سے ایس او پیز کے ساتھ سیاحت کھولنے کی اجازت ، ریسٹورنٹس اور ہوٹلز میں آؤٹ ڈورڈائننگ رات 12 بجے تک کھولنے کا اعلان، ریسٹورنٹس اور ہوٹلز میں ٹیک اوے کی سہولت 24 گھنٹے کیلئے کر دی گئی۔ 5 فیصد سے کم کیسز والے اضلاع میں مرحلہ وار اسکول کھولنے کی اجازت ہو گی۔

این سی او سی کے مطابق یکم جون سے  ڈیڑھ سو افراد کے ساتھ اوپن ائیر میرج ہال میں تقریبات کی اجازت ہو گی تاہم مزارات ، سنیما، ان ڈور ڈائننگ ، ان ڈور جم اور پارکس بدستور بند رہیں گے جب کہ ہفتہ اتوار کو بین الصوبائی ٹرانسپورٹ بھی بند رہے گی۔ 7 جون سے تعلیمی شعبے کو مکمل طور پر کھول دیا جائیگا۔ میٹرک اور انٹر کے امتحانات 20 جون  کے بعد ہوں گے جب کہ وزارت تعلیم کی سفارش کے مطابق پیشہ ورانہ امتحانات کیس ٹو کیس کی بنیاد پرہوں گے۔ تفریحی پارکس، واکنگ، جاگنگ ٹریکس سخت کورونا ایس اوپیز کے ساتھ کھلے رہیں گے۔

اعلامیے کے مطابق گڈانی اور مصری شاہ انڈسٹری کو 20 مئی سے دوبارہ کھولنے کی ہدایات جبکہ یکم جون کے بعد مخصوص سرجریز کا عمل دوبارہ سے شروع کرنے کی بھی اجازت دیدی گئی۔ یکم جون سے کھولے جانے والے سیکٹرز کا جائزہ 27 مئی کو لیا جائے گا۔ این سی او سی نے صوبائی حکومتوں کو ائیرپورٹس پر قرنطینہ کے انتظامات کرنے جبکہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کو 24 مئی سے صرف مستند لیب رپورٹس والے مسافروں کو بورڈنگ کی اجازت دینے کی ہدایت بھی کر دی۔