Friday, April 19, 2024

تعلیمی ادارے 15 ستمبر سے مرحلہ وار کھولنے کا فیصلہ

تعلیمی ادارے 15 ستمبر سے مرحلہ وار کھولنے کا فیصلہ
September 7, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) تعلیمی ادارے 15 ستمبر سے مرحلہ وار کھولنے کا فیصلہ ، یونیورسٹیز اور کالجز 15 ستمبر سےکھلیں گے، نویں، دسویں، گیارہویں اور بارہویں کی کلاسز بھی شروع ہوں گی۔ کورونا وائرس کا زور ٹوٹتے ہی ملک بھرمیں تعلیمی  ادارے کھولنے کا اعلان ہوگیا۔ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت بین الصوبائی وزرائے تعلیم کا اجلاس ہوا جس میں پندرہ ستمبر سے تمام یونیورسٹیاں اور کالجز کھولنے پراتفاق کر لیا گیا۔ وزیرتعلیم سندھ سعید غنی نے کہا۔صوبے کے تمام تعلیمی ادارے 15 سے 30 ستمبر کے دوران کھول دیئے جائیں گے۔ پہلے مرحلے میں 15 ستمبر سے نویں سے تمام ہائیر کلاسز بشمول تمام جامعات کھول دیں گے۔ 22 ستمبر سے چھٹی سے آٹھویں جبکہ 30 ستمبر کو پری پرائمری اور پرائمری کلاسز کھول دی جائیں گی۔ سعید غنی نے واضح کیا کہ اگر کسی اسکول یا علاقے میں کورونا وائرس بڑھتا تو اس علاقے کے اسکول بند کر دیئے جائیں گے۔ سعید غنی نے کہا کہ تمام صوبوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ تعلیمی اداروں میں کورونا ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کرایا جائے گا۔ حتمی فیصلہ آج وزیراعظم کی زیرصدارت قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں ہوگا۔